سگریٹ نوشی کو یکدم چھوڑنے والے افراد اس سے جلد چھٹکارا پاتے ہیں تحقیق

جو لوگ رفتہ رفتہ سگریٹ چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں وہ اسے چھوڑ نہیں پاتے۔


ویب ڈیسک March 16, 2016
جو لوگ رفتہ رفتہ سگریٹ چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں وہ اسے چھوڑ نہیں پاتے۔ فوٹو؛ فائل

سگریٹ نوشی ترک کرنا ایک مشکل بلکہ بعض لوگوں کے لیے ناممکن کام ہے اسی لیے اکثر لوگ سگریٹ چھوڑ کر اسے دوبارہ پینا شروع کردیتے ہیں لیکن اب ایک نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے جو لوگ یکدم سگریٹ کی عادت ترک کردیتے ہیں وہ ان لوگوں کے مقابلے میں اس سے فوری نجات پا سکتے ہیں جو رفتہ رفتہ سگریٹ نوشی ترک کرتے ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی میں کی گئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ فوری فیصلہ کرکے سگریٹ نوشی کو چھوڑ دینے والے اس سے چھٹکارا پانے میں زیادہ کامیاب رہتے ہیں۔ تحقیق کے بانی کا کہنا ہے کہ عام طورپرجو لوگ رفتہ رفتہ سگریٹ چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں مگر اکثر وہ ایسا کر نہیں پاتے لیکن اس کے مقابلے میں اگر لوگ فوری سگریٹ پینا بند کردیں تو اس کے نتائج بہتر ہوتے ہیں اور اس کے ثبوت ان کی کی جانے والی تحقیق میں سامنے آئے ہیں۔

تحقیق کے دوران 700 ایسے افراد کا مطالعہ کیا گیا جن میں فوری سگریٹ نوشی ترک کرنے یا پھر رفتہ رفتہ سگریٹ چھوڑے والے افراد کو ایک ساتھ شامل کیا گیا۔ تحقیق میں شامل ہر شخص کو 2 ہفتے کا وقت دیا گیا جن کا ہفتے میں ایک بار معائنہ کیا گیا، ان میں سے نصف افراد نے رفتہ رفتہ سگریٹ چھوڑنے اور ایک تہائی نے فوری سگریٹ چھوڑنے کے طریقہ کو ترجیح دی، اس دوران پہلے گروپ کے افراد کے سگریٹ چھوڑنے کی عادت کا جائزہ لیا گیا جب کہ انہیں ان کی ضرورت کے مطابق وقفوں میں نیکوٹین اور شارٹ ایکٹنگ نیکوٹین گم، نیسل اسپرے، سب لنگوئل ٹیبلٹ اور ماؤتھ اسپرے دیا گیا۔ دوسرے گروپ کو اسی دورن اسی طرح 24 گھنٹے میں ایک بار نیکوٹین ٹیبلٹ دی گئیں اور کہا گیا وہ اپنی عادت کے مطابق سگریٹ پیئیں۔

4 ہفتوں کے بعد نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ رفتہ رفتہ سگریٹ نوشی چھوڑ رہے تھے ان میں سے 40 فیصد نے کامیابی حاصل کی جب کہ جنہوں نے فوری سگریٹ نوشی ترک کی ان میں سے 49 فیصد نے کامیابی حاصل کی۔ 6 ماہ کے بعد پہلے گروپ میں سے 15 فیصد اب بھی سگریٹ چھوڑنے پر قائم رہے جب کہ دوسرے گروپ میں سے 22 فیصد لوگ سگریٹ نوشی ترک کرنے کی عادت پر قائم رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں