
نئی دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کی جانب سے دیئے گئے 97 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16 اوورز میں 77 رنز بنائے تاہم بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔ جس کے بعد بارش مقررہ وقت تک نہ رکنے پر میچ آفیشلز نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کو فاتح قرار دے دیا۔ پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ناہیدہ خان نے 14،منیبہ علی نے 12 اور ارم جاوید نے 10 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 96 رنز بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے انعم امین نے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جب کہ اسماویہ اقبال ، ثنا میر، ندا ڈار اور سعدیہ یوسف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اپنی بہترین بولنگ کے باعث پاکستان کی انعم امین کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔