تنقید اور اُس کے ثمرات

انسان کی فکرکی پستی کی حالت یہ رہی کہ وہ نظریات سے متاثر ہونےکے بجائے شخصیات سے ہوئے اور پھر انہی کو سب کچھ سمجھ لیا


ریحان نقوی March 29, 2016
ایک اور انتہا یہ کہ اگر ہمیں کوئی شخصیت آنکھوں کو ٹھنڈک فراہم نہ کرسکی یا اسکے چند نظریات ہمیں خوبرو نہ لگے تو ہم نے اسکو دانشور ماننے سے ہی انکار کردیا۔

QUETTA: تنقید کا آغاز الفاظ کہ وجود میں آنے سے پہلے ہی ہوگیا تھا یا یہ کہیے کے زمین پر انسانی زندگی سے بھی قدیم تنقید کی حیات ہے، تنقید کا اصل موضوع کانٹ جھانٹ یا تلاشِ خوب ہے، بگ بینگ سے لیکر آج تک کائناتی ارتقاء ''تنقید یا خوب سے خوب تر'' کی تلاش پر ہی محمول ہے۔

جب ایک چھوٹا سا ذرہ وجود میں آیا اور اُس نے دوسرے ذرات کو جنم دیا، پھر اِن ذرات سے سادہ عناصر وجود میں آئے اور ان سادہ عناصر کہ ملاپ سے پچیدہ عناصر وجود میں آنے لگے حتیٰ کہ انسانی زندگی کا بتدریج زمین پر جنم ہوا۔ پھر انسان نے رہائش اور فکرِ خوراک میں بہتر سے بہتر کی کوشش کی۔ غاروں اور سرنگوں میں رہنا شروع کیا، جسم کو ڈھاپنے کے لیے مختلف انتظامات شروع کیے، کاشت کاری کا آغاز ہوا اور خوراک کی پیداوار کے لیے نت نئے آلات وجود میں آئے، رہائش کے لیے مختلف طرح کہ مکانات کی تعمیر شروع ہوگئی، شہر آباد ہونے لگے، رفتہ رفتہ ترقی کا سفر جاری رہا اور آج کے جدید دور تک، پتھر کے دور سے لیکر جدید ٹیکنالوجی کے دور تک یہ تمام کارنامہ ایک ہی انسانی فطرت، ایک ہی سوچ، ایک ہی لگن کا تو تھا اور وہ تھی خوب سے خوب تر کی تلاش جس کو دوسرے الفاظ میں تنقید بھی کہا جاسکتا ہے کیونکہ جب تک پرانے نظریات پر سوالات یا نقائص کا شبہ نہ ظاہر کیا جائے، نئے تفکرات کا وجود میں آنا ایک ناممکن امر ہے۔ انسان کی تہذیبی ترقی کا دور جب شروع ہوا جب انسان نے الفاظ کہ ذریعے اپنے ساتھیوں سے اظہارِ فکر کیا۔ اس خیال کو مشہور ماہر نفسیات سگمڈ فرائیڈ نے بھی جنبشِ قلم کی نظر ان الفاظ میں کیا ہے کہ
''تہذیب کا آغاز اس وقت ہوا جب کسی نے غصّے میں آکر پتھر کی بجائے لفظ سے وار کیا''

تنقید لازمی ارتقاء کا حصہ رہی ہے۔ چاہے وہ ارتقاء فطری ہو یا ارتقاء فکری، تنقید کا جاری رہنا ہی بقائے حیات کے لیے ضروری ہے، فکر کے جوڑنے سے نظریات تخلیق ہونے لگے۔ ان نظریات کی رہنمائی تعقل نے کی اور ان نظریات کی تجسیم الفاظ کے ذریعے منظرِ عام پر آئی۔ کسی دوسرے شخص نے اس میں کچھ کمیوں یا خامیوں کا ادراک کیا تو کسی نے اس فکر کی کانٹ جھانٹ کی اور اس میں موجود غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کی، کسی نظریے کے موافق گروہ وجود میں آیا تو کسی نظریے کے مخالف، دلائل کی بوچھاڑ ہوئی اور کبھی تیسرا گروہ وجود میں آگیا جن سے نت نئے خیالات کو جنم دیا۔ انسان نے اس قدر تنقید کی کہ 'تنقید' پر بھی تنقید ہوئی حتیٰ کے 'تنقید کیوں کی جاتی ہے' اس پر بھی تنقید ہوتی رہی۔ جہاں اس روش نے انسانیت کو فائدہ پہنچایا وہیں نقصان بھی ہوا اور سب سے زیادہ نقصان جب ہوا جب اختلاف کا بدل مخالفت سے ہوا، دلیل کے بجائے ذاتی انانیت کو فروغ دیا گیا، تنقید کا تیر نظریات پر لگنے کے بجائے شخصیات پر لگنا شروع ہوا۔ انسان کی فکر کی سب سے پستی کی حالت یہ رہی کہ اول ہم نظریات سے متاثر ہونے کے بجائے شخصیات سے متاثر ہوئے جس کے نتیجے میں ہم نے اس شخصیت کے نظریات کو حرفِ آخر کے دائرے میں لا کر کھڑا کردیا۔ اس شخصیت کا ایک بت بنا دیا جسکی اس کے پیرو نے رات دن عبادت کی اور اگر سوال بھی اٹھا تو اسکو دبانے کی اس قدر کوشش کی جانے لگی کہ بات کشت و خون تک جا پہنچی اور دوسری طرف ایک اور انتہا یہ کہ اگر ہمیں کوئی شخصیت آنکھوں کو ٹھنڈک فراہم نہ کرسکی یا اسکے چند نظریات ہمیں خوبرو نہ لگے تو ہم نے اسکو دانشور ماننے سے ہی انکار کردیا۔ دانشور تو کجا انسان کی فہرست سے نکال باہر کیا۔ یہ ایک بنیادی سبب تھا جس سے علم کی ترقی رک گئی خاص طور پر برصغیر میں۔ یورپ کی تہذیبی ترقی کا ایک راز یہ بھی ہے کہ انہوں نے کسی شخصیت یا نظریے کو حرفِ آخر نہیں سمجھا بلکہ اسکی سوچ کی غلطیوں کو دور کیا اور نئی سوچ کو جنم دیا اور سب سے اہم بات یہ کہ نقادوں کا انداز بھی جارحانہ نہیں بلکہ تخلیقی رہا اور جس پر تنقید ہوئی اس نے اگر کوئی غلطی پائی تو اس کی اصلاح کرنے میں کوئی شرمندگی محسوس نہ کی جس سے نظریات کا علمی محاکمہ کرنے کی عادت معاشرے میں پیدا ہوئی اور معاشرے نے ترقی کی راہیں طے کیں، اصل تلخی بھی جب شروع ہوتی ہے جب خیالات کے بجائے شخصیات کی ذاتیات پر بات پہنچ جائے سقراط نے بھی اسکو کچھ یوں بیان کیا،
''اچھے دماغ کے لوگ خیالات پر تنقید کرتے ہیں جبکہ کمزور دماغ کے لوگ، لوگوں پر تنقید کرتے ہیں''

اسکے علاوہ اگر بات صرف نظریات کی حد تک کی جائے تو ایک سب سے بڑی بیماری کسی تعمیری بحث کو مناظرہ بنانے کی ہے۔ مناظرے کا عام اصول تو یہی ہوتا ہے کہ جناب ایڑی چوٹی کا ضرور لگا دیا جائے چاہے انسان جانتا بھی ہو کہ وہ خود غلط ہے لیکن نہیں دوسرے کو شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔ اگر ہم منطقی اغلاط سے محفوظ ہوکر کسی بحث میں حصہ لیں اور تنقید برائے تنقید کی روش کے بجائے تنقید برائے اصلاح کو فروغ دیں تو بہت سے معاملات سیدھے ہوسکتے ہیں۔ بحث یا تنقید کا مقصد کسی دوسرے کو نیچا دیکھانا نہیں ہونا چاہیے بلکہ تعمیری طور پر علم سیکھنا اور اسکو آگے بڑھانے کی کوشش ہونی چاہیے اور جہاں اختلاف ہو وہاں خندہ پیشانی سے اسکو برداشت کرنا چاہیے بالفاظِ دیگر 'آؤ اختلافِ رائے پر اتفاق کرلیں'۔

ایک اور نقطہ جو انتہائی قابلِ غور ہے کہ انسان لفظی تنقید نا بھی کرے تب بھی فکری تنقید ضرور کرتا ہے۔ انسان مختلف چیزوں کے بارے میں نظریہ قائم کرتا ہے لازم تو نہیں اس بارے میں صرف ایک نظریہ موجود ہو اور اگر ایک نظریہ موجود نہیں تو اسکا صاف مطلب یہ ہے کہ وہ دوسرے نظریات کی نفی کررہا ہے۔

[poll id="1038"]

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے