عمران خان کا سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کا اعلان

عمران خان اتوار کو پی ٹی وی پر خطاب کریں گے حکومت انتظامات کرے، تحریک انصاف


ویب ڈیسک April 08, 2016
پی ٹی وی پر جتنا حق وزیراعظم نواز شریف کا ہے اتنا ہی ہر پاکستانی کا ہے، تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان اتوار کو سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حکومت کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اتوار کی شام قوم سے خطاب کریں گے اس لئے سرکاری ٹی وی پر ان کے خطاب کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کئے جائیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی وی ایک سرکاری ادارہ ہے جو قوم کے ٹیکس سے چلتا ہے لہذا اس پر ہر شہری کا اتنا ہی حق ہے جتنا کہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان والوں کا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری مراسلے میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی وی پر پاناما لیکس کے حوالے سے ہونے والی بحث نہیں دکھائی گئی جب کہ حکومتی وزراء کی جانب سے فلاحی ادارے شوکت خانم کے حوالے سے جو پروپیگنڈا کیا گیا اسے براہ راست دکھایا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین کو بھی اجازت دی جائے تاکہ وہ وزیراعظم کی طرح شوکت خانم پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے قوم کو آگاہ کر سکیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے پرسنل سیکرٹری نعیم الحق کی جانب سے پی آئی ڈی میں بھی پریس کانفرنس کی گئی تھی جو کسی بھی سیاسی جماعت کے غیر منتخب رکن کی جانب سے پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنے کا پہلا واقعہ تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں