ماسٹر اسلم المعروف بانکے میاں کی آوازعظیم گلوکارہ لتا منگیشکر کو بھا گئی

گلوکار کوپہلی مرتبہ ’’ایکسپریس نیوز‘‘ نے اپنے مقبول سیگمنٹ ’’ بانکے میاں‘‘ کے ذریعے متعارف کروایا


Qaiser Iftikhar April 11, 2016
گلوکار کوپہلی مرتبہ ’’ایکسپریس نیوز‘‘ نے اپنے مقبول سیگمنٹ ’’ بانکے میاں‘‘ کے ذریعے متعارف کروایا فوٹو ،اے ایف پی

'' ایکسپریس نیوز'' کے اینی میٹڈ کیریکٹر بانکے میاں قوال کے پس پردہ گلوکارماسٹراسلم کی آواز دنیائے موسیقی کی سُریلی ترین عظیم گلوکارہ لتامنگیشکرکوبھا گئی۔ سوشل میڈیا پرماسٹراسلم کی گائی ہوئی ٹھمری کا کلپ دیکھ کرجہاں انھوں نے نیک تمناؤں کا اظہارکیا وہیں ان کے ہاتھ میں مائک تھمانے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔ کسی بھی پاکستانی گلوکار کے لیے یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ لیجنڈ گلوکارہ لتامنگیشکر نے انھیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

تین دن سے سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ماسٹراسلم کی آوازمیں ٹھمری ''یادپیا کی آئے '' کوویسے تواستادبڑے غلام علی کے علاوہ پاکستان اورہندوستان میں بہت سے معروف گائیک گا چکے ہیں لیکن ماسٹراسلم کی آواز کوپہلی مرتبہ ''ایکسپریس نیوز'' نے اپنے مقبول سیگمنٹ '' بانکے میاں'' کے ذریعے متعارف کروایا۔

اس کے بعد بیماری کے باعث ماسٹراسلم اچانک غائب ہوگئے لیکن پھران کا وڈیو کلپ جس میں وہ رکشہ میں بیٹھ کرٹھمری سنارہے ہیں نے سوشل میڈیا پرمیوزک کی دنیا پرراج کرنے والے معروف گلوکاروں کوخوب متاثرکیا۔ اس حوالے سے ''ایکسپریس'' سے بات کرتے ہوئے عظیم گلوکارہ لتامنگیشکر کا کہنا تھا کہ سچے سُرعطاہوتے ہیں، مجھے نہیں پتہ تھا کہ یہ صاحب کون ہیں لیکن ان کی آواز اورانداز بہت ہی الگ تھا جس کو سن کربہت اچھا لگا۔ میں توچاہتی ہوں کہ یہ شخص جورکشہ چلاتا ہے، اس سے رکشہ چھڑواکراس کے ہاتھ میں مائک دینا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ میں چاہوں گی کہ ماسٹراسلم باقاعدہ میوزک کے شعبے میں کام کریں تاکہ لوگ ان کے فن سے محظوظ ہوسکیں۔ بھارتی بھنگڑا کنگ دلیرمہدی نے کہا کہ چاردن پہلے میں نے ایک وڈیوکلپ دیکھا جس میں رکشہ ڈرائیوراستاد بڑے غلام علی خاں کی گائی ٹھمری سنارہا تھا۔ میں حیران رہ گیا اورمیں نے اس شخص کے بارے میں معلومات کے لیے ہندوستان میں اپنے بہت سے دوستوںکویہ کلپ شیئرکیا جب کہ پاکستان میں شوبزکے ایک سینئرصحافی جومیرے قریبی دوست ہیں ان کوبھی اس حوالے سے رابطہ کیا۔ انھی کے توسط سے مجھے معلوم ہواہے کہ ماسٹراسلم ''ایکسپریس نیوز'' کے پروگرام میں گایا کرتے تھے۔

میں نے توفیصلہ کیا ہے کہ میں اس انمول فنکارکوہندوستان بلاؤں گا اوران کے فن کولوگوںتک پہنچانے کے لیے پوری کوشش کرونگا۔ پاکستان میں میوزک کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا نے جہاں دنیا کو جوڑدیا ہے، وہاں ٹیلنٹ کی پذیرائی میں بھی انقلابی تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں