احمد آباد ٹیسٹ سہواگ کا بیٹ ایک بار پھر رنز اگلنے لگا

2 سال میں پہلی سنچری، پجارا 98 پر ناقابل شکست، بھارت نے 4 وکٹ پر 323 رنزبنا لیے۔


Sports Desk November 16, 2012
احمد آباد ٹیسٹ: پہلے دن سنچری بنانے والے بھارتی اوپنر وریندر سہواگ چھکا لگارہے ہیں، عقب میں انگلش وکٹ کیپر میٹ پرائر موجود۔ ۔فوٹو : اے ایف پی

KARACHI: بھارتی بیٹسمین وریندر سہواگ کا بیٹ ایک بار پھر رنز اگلنے لگا، انگلینڈ کیخلاف احمد آباد ٹیسٹ میں انھوں نے117 رنز بنا دیے۔

یہ 2 سال میں ان کی پہلی سنچری ہے،چتیشور پجارا نے بھی عمدہ اننگز کھیلی، پہلے دن وہ 98 پر ناقابل شکست پویلین لوٹے، میزبان نے4 وکٹ پر 323 رنز اسکور کیے، چاروں وکٹیں اسپنر گریم سوان کو ملیں۔ تفصیلات کے مطابق موتیرا میں میزبان کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر آسان وکٹ پر پہلے اپنے بیٹسمینوں کو رنز کے انبار لگانے کا موقع دیا، گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ کی اوپننگ جوڑی نے انگلش بولرز کو احساس دلا دیا کہ اپنے گرائونڈز پر بھارتی بیٹسمینوں کو قابو کرنا آسان نہیں، دونوں عمدگی سے حریف بولنگ کا سامنا کرتے رہے۔

رنز بنانے میں زیادہ کردار سہواگ کا رہا جن کے پاورفل اسٹروکس پر بیشتر اوقات فیلڈرز کو گیند بائونڈری کے باہر سے اٹھا کر لانا پڑتی، 134 رنز پر مہمان سائیڈ کو سکون کا سانس لینے کا کچھ موقع میسر آیا،اسپنر گریم سوان کی گیند کو گمبھیر (45) نہ سمجھ پائے اور بیلز اڑ گئیں، انگلینڈ کا یہ عارضی اطمینان جلد ختم ہو گیا، سہواگ نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے چتیشور پجارا کے ساتھ90 رنز جوڑ دیے،دو سال بعد پہلی سنچری بنانے والے اوپنر کو جب سوان نے بولڈ کیا تو وہ117 رنز اسکور کر چکے تھے، انھوں نے اس کیلیے اتنی ہی گیندیں کھیلیں اور15 چوکے و ایک چھکا لگایا، سچن ٹنڈولکر توقعات پر پورا نہ اتر پائے۔

سوان نے جب انھیں پٹیل کا کیچ بنوایا تو وہ صرف 13 رنز ہی بنا سکے تھے، مستقبل کا ٹنڈولکر قرار دیے جانے والے ویرت کوہلی بھی صرف 19 رنز تک محدود رہے، سوان نے انھیں بھی بولڈ کیا، پجارا ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، کینسر کو شکست دے کر ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے یوراج سنگھ بھی پُراعتماد دکھائی دیے،جس وقت پہلے دن کے90 اوورز مکمل ہوئے بھارتی ٹیم4 وکٹ پر 323 رنز بنا چکی تھی،پجارا کیریئر کی پہلی سنچری سے صرف 2 رنز کے فاصلے پر ہیں، یوراج نے24 رنز اسکور کیے، سوان نے 4 وکٹوں کیلیے 85 رنز دیے، دیگر تمام بولرز وکٹ کیلیے ترستے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں