وزیراعظم کی غیرموجودگی میں امورمملکت اسحاق ڈار چلائیں گے ترجمان وزیراعظم

یہ بات فطری ہے کہ دوران آپریشن وزیراعظم کسی قسم کی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے، ترجمان وزیراعظم ہاؤس


ویب ڈیسک May 28, 2016
وزیراعظم کی غیرموجودگی میں امورمملکت چلانا کسی شخص کا نہیں بلکہ کابینہ کا کام ہے، ماہر قانون. فوٹو:فائل

ترجمان وزیراعظم ہاؤس مصدق ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی غیرموجودگی میں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار امور مملکت سنبھالیں گے۔

لندن میں علاج کی غرض سے موجود وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اوپن ہارٹ سرجری کے باعث لندن میں کچھ عرصہ قیام کریں گے، وزیراعظم کےعلاج معالجے پر سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا جا رہا، علاج پر آنے والے تمام تر اخراجات وزیراعظم خود برداشت کریں گے اور اس عرصہ کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار امور مملکت سنبھالیں گے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ بات فطری ہے کہ دوران آپریشن وزیراعظم کسی قسم کی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے تاہم سرجری کے فوری بعد وہ چیف ایگزیکٹو کے طور پر فرائض جاری رکھیں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اہم امور سے متعلق ضروری ہدایات جاری کررہے ہیں اور وزیراعظم وفاقی وزرا و دیگر حکومتی شخصیات کے ساتھ رابطے میں ہیں جب کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، ملٹری سیکرٹری اور دیگر حکام انہیں صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کی عدم موجودگی کی صورت میں بجٹ میں تاخیر کے حوالے سے ترجمان وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے بیرون ملک ہونے سے کسی بھی ملکی معاملے میں تاخیر نہیں ہو رہی اور کسی بھی معمول کے ریاستی امور کو موخر نہیں کیا جارہا۔

قانونی ماہرین کے مطابق وزیراعظم اگر کسی وجہ سے ملک میں موجود نہ ہوں تو امور مملکت سنبھالنے کا اختیار کابینہ کے پاس ہوتا ہے جب کہ وزیراعظم کسی رکن کو کابینہ کی صدارت کا اختیاردے سکتے ہیں تاہم اس کے پاس وہ اختیار نہیں ہوتا جو وزیراعظم کے پاس اختیارات ہوتے ہیں، اگر کسی مرض کے باعث وزیراعظم کو طویل عرصہ بیرون ملک قیام کرنا پڑے تو پارلیمنٹ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ نئے وزیراعظم کا چناؤ کرے تاہم اس عرصے کے دوران قائم مقام وزیراعظم کی قانون میں کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔

دوسری جانب ماہر قانون علی ظفر نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی طویل عرصہ غیرموجودگی کی صورت میں کوئی اور شخص امور مملکت چلائے اس بات کی اجازت آئین و قانون نہیں دیتا جب کہ آئین کی روح سے پارلیمنٹ کا ہی اختیار ہے کہ وہ وزیراعظم کی غیر موجودگی میں کسی کو وزیراعظم چننے۔ قانونی ماہرکے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو امور مملکت کی ذمہ داری دینا سیاسی فیصلہ تو ہوسکتا ہے تاہم قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔