حکومت سندھ کا امجد صابری کے قاتلوں کی نشاندہی کرنے پر50 لاکھ روپے انعام کا اعلان

پولیس جہاں 20 سال قبل کھڑی تھی آج بھی وہیں ہے جب کہ دہشت گرد کمانڈوز کی طرح تربیت یافتہ ہیں، وزیر داخلہ سندھ


ویب ڈیسک June 24, 2016
کوشش ہے کہ امجد صابری کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرلیا جائے، وزیر داخلہ سندھ : فوٹو : ایکسپریس

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال امجد صابری کے قاتلوں کی نشاندہی کرنے پر 50 لاکھ روپے انعام کے ساتھ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی) بھی بنانے کا اعلان کیا۔

کرا چی میں آئی جی سندھ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ امجد صابری کےقتل پرافسوس ہے،امجد صابری نے کبھی جان کاخطرہ ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی سیکیورٹی طلب کی، میں خود ان کا چاہنے والا ہوں کسی شخص کو ایک نعت خواں سے کیا دشمنی ہوسکتی ہے تاہم کوشش ہے کہ ان کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرلیا جائے اور جو بھی امجد صابری کے قاتلوں کی نشاندہی کرے گا اسے حکومت سندھ کی جانب سے 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس جہاں 20 سال قبل کھڑی تھی آج بھی وہیں ہے جب کہ دہشت گرد کمانڈوز کی طرح تربیت یافتہ ہیں کوئی تو ہے جو ان کو ایسی تربیت دے رہا ہے۔

سہیل انور سیال نے کہا کہ کراچی میں جدید ترین کیمرے درکار ہیں، امجد صابری کے دلخراش سانحے میں جب کیمروں کی مدد لی گئی تو پتہ چلا کہ کیمروں کی ریزولوشن کمزور ہونے کی وجہ سے ملزمان پہچانے نہیں جاسکتے جب کہ دوسری جانب کچھ لوگ سستی شہرت کےلئے سی سی ٹی وی فوٹیج لیک کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اویس شاہ کے کیس میں پیش رفت ہورہی ہے جب کہ اب تک ان کی رہائی کے لئے کسی نے تاوان کا مطالبہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے امجد صابری کے اہل خانہ کے لئے ایک کروڑ روپے امداد کے ساتھ حکومت کی جانب سے ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں