واٹس ایپ کے 10 ایسے خفیہ فیچرزجن سے ہم اب تک لا علم تھے

واٹس ایپ نے اپنا ڈیسک ٹاپ ورژن لانچ کرکے صارفین کو مزید سہولیات مہیا کردی ہیں۔


July 02, 2016
واٹس ایپ کا وال پیپر تبدیل کرنے کےلئے پہلے سیٹنگز، پھر چیٹس اور پھر وال پیپر پر جائیے اور اسے تبدیل کرکے اپنا من پسند وال پیپر لگا دیجئے فوٹو؛ فائل

واٹس ایپ کے 10 ایسے فیچرز جن سے آپ خوب مستفید ہوسکتے ہیں بشرطیکہ آپ ان کے بارے میں جانتے ہوں۔

واٹس ایپ نے اپنا ڈیسک ٹاپ ورژن لانچ کرکے صارفین کو مزید سہولیات مہیا کردی ہیں لیکن اس کا موبائل ورژن بھی پوری طرح سے استعمال نہیں کیا جارہا اور اس میں کئی ایسے فیچرز موجود ہیں جن سے شاید آپ اب تک لاعلم ہی ہوں،ذیل میں ایسے ہی واٹس ایپ فیچرز دیئے جارہے ہیں۔

1۔ بولڈ، اٹالک، اسٹرائک تھرو

میسج میں ٹیکسٹ کا جو حصہ بولڈ کرنا ہو اس کے شروع اور آخر میں ''نجمہ'' (*) یعنی ''ایزٹیرک'' کی علامت لگائیے۔ اگر کسی عبارت کو ترچھا یعنی ''اٹالک'' کرنا ہو تو اس کی ابتدا اور اختتام پر ''انڈر اسکور'' (_) لکھ دیجیئے اور اگر کسی عبارت کے شروع اور آخر میں ''ٹلڈی'' (~) سائن لگادیں گے تو وہ اسٹرائک تھرو ہوجائے گی۔ یعنی ایک لمبی لکیر اس پوری عبارت کے آر پار ہوجائے گی جیسے کسی نے اسے کاٹ دیا ہو۔



2۔ بے تکلف دوستوں کو بندر بنائیے!

یہ فیچر آزمانے سے پہلے یقین کرلیں کہ جس دوست کی پروفائل پکچر کے ساتھ آپ یہ حرکت کرنے جارہے ہیں وہ اس حرکت پر برا نہیں مانے گا۔ خیر! کونٹیکٹ لسٹ میں سے اپنے کسی قریبی اور انتہائی بے تکلف دوست کا نمبر کاپی کریں اب بندر کی تصویر پر جاuiN اور اسے ری نیم کرکے اس کے نئے نام میں اپنے دوست کا نمبر پیسٹ کردیں(البتہ اس کے شروع میں + کی علامت مٹا دیں)۔ اب اس ری نیم کی ہوئی بندر کی تصویر کو اپنے دوستے کی پروفائل پکچر میں پیسٹ کردیں۔ اس طرح آپ اپنے دوست کو (پروفائل پکچر کی حد تک ہی سہی) بندر بنادیں گے۔ ویسے یہی طریقہ استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے دوست کی پروفائل پکچر کچھ بھی کرسکتے ہیں۔



3۔ ''بلیو ٹِکس'' سے نجات:

واٹس ایپ میں یہ بلٹ ان فیچر ہے کہ جب آپ کا پیغام دیکھ لیا جاتا ہے تو نیچے کی طرف کونے میں سائن کی ایک علامت آجاتی ہے جس سے آپ کو پتا چل جاتا ہے کہ پیغام دیکھ لیا گیا ہے لیکن تھوڑی سی کوشش کرکے آپ یہ فیچر آف کرسکتے ہیں۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ واٹس ایپ کی ''سیٹنگز'' کھولنے کے بعد اکاؤنٹ اور پھر ''پرائیویسی'' پر جائیں یہاں 'read receipts' کو ان چیک کریں البتہ یہ فیچر ایکٹیویٹ کرنے کی صورت میں آپ کو یہ پتا نہیں چل پائے گا کہ آپ کا بھیجا ہوا پیغام دوسری جانب دیکھ بھی لیا گیا ہے یا نہیں۔



4۔ ایئرپلین موڈ کا فائدہ اٹھائیے

اگر آپ کو واٹس ایپ پر کوئی پیغام موصول ہو لیکن پیغام بھیجنے والے کو آپ یہ نہ بتانا چاہتے ہوں کہ آپ نے پیغام دیکھ لیا ہے تو اپنے اسمارٹ فون کو ''ایئرپلین موڈ'' پر لے آئیں اب اگر آپ پہلی بار یہ پیغام دیکھیں گے تو بھیجنے والے کو اس کی خبر نہیں ہوپائے گی البتہ جب آپ واٹس ایپ بند کرکے دوبارہ لانچ کریں گے تو میسج پڑھنے پر دوسری جانب خبر ہوجائے گی۔



5۔ ''چیٹ ہسٹری'' محفوظ کریں:

واٹس ایپ کی سیٹنگز میں پہنچ کر چیٹ سیکشن میں جائیں اور پھر یہاں chat backup تک جائیں یہاں چیٹ سیٹنگز اس طرح سے کنفیگر کریں کہ چیٹ ہسٹری ہر ہفتے یا ہر مہینے میں ایک بار بیک اپ ہوتی رہے۔ اور ہاں! اس فیچر کے ذریعے آپ چاہیں تو بیک اپ میں ویڈیوز بھی شامل کرسکتے ہیں لیکن اس سے پہلے اپنے اسمارٹ فون کی میموری چیک کرلیجیئے گا۔



6۔ دھڑکتا ہوا، بڑا سا دل

میسج فیلڈ میں heart emoji ٹائپ کرکے send کردیں تو عبارت کی جگہ ایک بڑا سا دل دکھائی دے گا جو دھڑک رہا ہوگا، البتہ دھیان رہے کہ میسج فیلڈ میں صرف یہی عبارت ہونی چاہیے، کچھ اور نہیں جب کہ واٹس ایپ اپنے ڈیفالٹ فانٹ پر ہونا چاہیے۔



7۔ واٹس ایپ سے کمپیوٹر پر ویڈیوز کی منتقلی:

اس کے لیے سب سے پہلے ایک گروپ بنائیں اس میں پہلے کچھ دوستوں کو شامل کریں اور پھر انہیں ڈیلیٹ کردیں اس کے بعد ''واٹس ایپ ویب'' کھولیں اور کیو آر کوڈ اسکین کرتے ہوئے لاگ اِن ہوجائیں اب اپنے اس نئے گروپ کے ذریعے وہ میڈیا (آڈیو یا ویڈیو فائل) بھیجیں جسے آپ کمپیوٹر پر ٹرانسفر کرنا چاہتے ہوں۔ اب آپ اپنے کمپیوٹر پر اسی گروپ کی چیٹ کھولیں اور آپ کا بھیجا ہوا میڈیا یہاں موجود ہوگا۔



8۔ چیٹ نوٹی فکیشنز کی الگ الگ رنگ ٹون:

اس چیٹ پر جائیں جس کی رنگ ٹون آپ مختلف سیٹ کرنا چاہتے ہوں۔ اس چیٹ کے نام پر ٹیپ (tap) کریں اور 'custom notifications' کا آپشن چیک کرکے اینیبل کرلیں اب اس چیٹ کے لیے اپنی من پسند رنگ ٹون منتخب کرلیں۔

9۔ اپنا 'لاسٹ سین' چھپاتے ہوئے دوسروں کا عیاں رکھیں:

مطلوبہ شخص کو میسج بھیجیں اور پھر اسے اپنی کونٹیکٹ لسٹ سے ڈیلیٹ کردیں لیکن یہ میسج اب بھی واٹس ایپ پر محفوظ ہوگا، اب سیٹنگز، اکاؤنٹ اور پھر پرائیویسی پر جائیے اور 'last seen' پریفرینسز کو تبدیل کرکے my contacts کردیں۔

10۔ واٹس ایپ وال پیپر تبدیل کریں:

واٹس ایپ کا وال پیپر تبدیل کرنے کے لیے پہلے سیٹنگز، پھر چیٹس اور پھر وال پیپر پر جائیں اور اسے تبدیل کرکے اپنا من پسند وال پیپر لگا دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |