برہان وانی تحریک آزادی کا سپاہی تھا اور کشمیری آزادی لے کر رہیں گے وزیراعظم

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو جگائیں گے، وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک July 15, 2016
کشمیریوں کی تحریک کی حمایت جاری رکھیں گے، وزیراعظم نواز شریف۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی ایک بار پھر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی تحریک آزادی کا عظیم سپاہی تھا اور کشمیری عوام آزادی لے کر رہیں گے۔

گورنر ہاؤس پنجاب میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، میں اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو جگائیں گے اور کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے، وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا حق دلوائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں ساتویں روز بھی کرفیو، شہدا کی تعداد 39 ہو گئی


وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہربان مظفر وانی تحریک آزادی کا عظیم سپاہی تھا اور کشمیری عوام آزادی لے کر رہیں گے، تمام ادارے بھارت کے قبضے اور کشمیریوں پر مظالم کے حوالے سے ہر سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کریں۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی 7 لاکھ فوج تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتی، بھارتی مظالم سے کشمیریوں کی تحریک آزادی مزید مضبوط ہوگی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے 19 جولائی کو سرکاری سطح پر یوم سیاہ منانے کی تجویز پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں