مقبوضہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی وزیرخارجہ نہیں کشمیری عوام کریں گے مشیر خارجہ

بھارت طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبانا چاہتا ہے، سرتاج عزیز


ویب ڈیسک July 24, 2016
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کا وعدہ کرچکی ہے، سرتاج عزیز

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی وزیرخارجہ نے نہیں بلکہ کشمیریوں نے کرنا ہے لیکن بھارت طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبانا چاہتا ہے جب کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔



وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے بھارتی وزیرخارجہ کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سشما سوراج نے کشمیرکو بھارت کی جاگیر قراردیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کبھی پاکستان کاحصہ نہیں بنے گا تاہم کشمیرکا مسئلہ استصواب رائے سے ہی حل ہوسکتا ہے اور کشمیرکے مستقبل کا فیصلہ صرف وہاں کے عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی وزیرخارجہ نے نہیں کشمیریوں نےکرنا ہے اور یہ کشمیری عوام کا حق ہے کہ وہ پاکستان یا پھر بھارت کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کریں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ بھارتی وزیرداخلہ کا مقبوضہ کشمیرکا دورہ؛ وادی میں شہدا کی تعداد 55 ہوگئی



مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کا وعدہ کرچکی ہے جب کہ رائے شماری سے کشمیری عوام جو بھی فیصلہ کریں گے وہ پوری دنیا تسلیم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سشما سوراج نے یہ بھی کہا کہ برہان وانی بھارت کے لیے دہشت گرد تھا لیکن کشمیر کے تحریک آزادی کے کمانڈر کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا اور ان کے جنازے میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ کشمیر قیامت تک پاکستان کا حصہ نہیں بن سکتا، بھارتی وزیرخارجہ کی ہرزہ سرائی



دوسری جانب سرکاری خبررساں ادارے کو انٹریودیتے ہوئے مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم اور جارحیت کا قانونی جواز پیدا کرنے کے لیے کالے قوانین نافذ کررہا ہے جب کہ بھارت طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کے بے گناہ اور نہتے شہریوں پر بھارتی فوج کی طرف سے جاری مظالم کے بارے میں عالمی برادری کو باخبر کرکے بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کررہے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے پاس شکست تسلیم کرنے کے سوا اب کوئی چارا نہیں، وزیراعظم

واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے گزشتہ روز پاکستان کے خلاف زہراگلتے ہوئے کہا تھا پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کے جموں و کشمیر کے پاکستان کا حصہ بننے کی خواہش قیامت تک پوری نہیں ہوسکتی جب کہ انہوں نے پاکستان پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جموں کشمیر میں تشدد پھیلارہا ہے اور اس نے کبھی کشمیر کو دعائیں نہیں دیں بلکہ صرف دہشت گرد دیئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں