پاکستان نے اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان کی فتح کے بعد 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی۔


ویب ڈیسک August 14, 2016
پاکستان کی فتح کے بعد 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے تاریخی شکست دے کر 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

اوول ٹیسٹ میں میزبان انگلینڈ نے قومی ٹیم کو جیت کے لئے 40 رنزکا ہدف دیا جس کے جواب میں گرین کیپس نے ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کیا جس کے بعد 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں اوپننگ بلے باز اظہر علی اور سمیع اسلم میدان میں آئے اور انہوں نے بغیر کسی دباؤ کے پراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے ہدف پورا کیا اور اظہر علی نے چھکا لگا کر وننگ شارٹ کھیلا۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر یونس خان کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے 218 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ پوری سیریز میں بہتری کارکردگی پر کپتان مصباح الحق اور انگلش فاسٹ بولر کرس ووکس کو مشترکہ طور پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔



شائقین کرکٹ کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر انگلینڈ کے خلاف جیت کو گرین کیپس کی جانب سے قوم کو خصوصی مبارکباد قرار دیا جارہا ہے جب کہ وزیراعظم نواز شریف نے بھی قومی ٹیم کی جیت پر کرکٹ ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ 70ویں یوم آزادی پر کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف کامیابی قوم کو خصوصی تحفہ ہے،کھلاڑی، کوچز اور بہترین مینجمنٹ مبارکباد کے مستحق ہیں۔



اوول ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز88 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ بیلنس 4 جب کہ جونی بیرسٹو 14 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ پاکستانی بولروں کے سامنے جونی بیرسٹو مزاحمت کرتے رہے جب کہ دیگر کھلاڑی وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔ معین علی 32، گیری بیلنس 17، ووکس 4، اسٹارٹ براڈ 5، جیمز اینڈریسن 17 اور جونی بیرسٹو سب سے زیادہ 81 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر یاسر شاہ رہے ہیں جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، وہاب ریاض نے 2 جب کہ افتخار احمد اور سہیل خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔



دوسری جانب قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ابھی نہیں کیا جب کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ واطن واپس جا کرکروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر انگلینڈ کے خلاف جیت کا مزہ دوبالا ہوگیا لیکن اس ٹیسٹ کے دوران ہم نے اپنے عظیم کرکٹر حنیف محمد کو کھود دیا اس لئے اوول ٹیسٹ کی کامیابی حنیف محمد کے نام کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ انگلش ٹیم کے کپتان السٹرکک نے اوول ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پہلی اننگز میں 328 اور دوسری اننگز میں 253 رنز بنائے جب کہ پاکستان نے یونس خان کی شاندار ڈبل سنچری اور اسد شفیق کی سنچری کی بدولت 542 رنز بنائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں