مقبوضہ کشمیر میں بھی جشن آزادی کی دھوم وادی پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

کشمیری عوام کی جانب سے 14 اگست کے موقع پر پاکستان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا


ویب ڈیسک August 14, 2016
حریت رہنماؤں نے بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ فوٹو: فائل

بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے باوجود عوام نے پاکستان کے جشن آزادی کے حوالے سے ریلیاں نکالیں اور حق خود ارادیت کے لئے ریفرنڈم مارچ بھی کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں مسلسل 37 ویں روز بھی کرفیو نافذ ہے لیکن اس کے باوجود بڑی تعاد میں عوام سڑکوں پر نکلے اور اپنے حق خود ارادیت کے لئے ریفرنڈم مارچ کیا۔ مظاہرین نے جشن آزادی کے موقع پر پاکستان کے حق میں نعرے لگائے اور ترقی و خوشحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ریاست میں مختلف مقامات پر پاکستانی پرچم بھی لہرایا گیا۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف نعرے بازی بھی کی جب کہ بھارت نے احتجاجی جلوس اور ریلیاں روکنے کے لئے جنت نظیر وادی کے ہر گلی کوچے پر فوج کو تعینات کر رکھا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیرمیں حق خود ارادیت کیلئے ریفرنڈم مارچ، مزید 2 کشمیری شہید

حریت رہنماؤں نے بھارت کے یوم آزادی پر دنیا بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ حریت رہنماؤں کی جانب سے 15 اگست کو بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تحریک آزادی کے نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں مظاہروں اور بھارتی بربریت کے نتیجے میں اب تک 75 افراد شہید اور 7 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں