بھارت کا عیدالاضحیٰ پر بھی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ رکھنے کا اعلان

حریت رہنماؤں کا کرفیو کے باوجود اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب آزادی مارچ نکالنے کا اعلان


ویب ڈیسک September 12, 2016
تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر کی شہادت کے بعد سے اب تک 100 کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سلسلہ مسلسل 66 روز سے جاری ہے اور بھارتی حکومت نے جنت نظیر وادی میں عیدالاضحیٰ کے روز بھی مکمل کرفیو نافذ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔



بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریاست کے تمام 10 ضلاع میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ پوری مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہے گی۔ دوسری جانب چیرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے عید کے روز پوری وادی کے تمام اضلاع، تحصیلوں اور ٹاؤنز میں آزادی مارچ کے تحت ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے، مظاہرین سری نگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے جمع ہوں گے جس کا مقصد دنیا کی توجہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانا اور آزادی کے حوالے سے اپنے مطالبات پیش کرنا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارت ہمیں جتنا مارے گا آزادی کےلئے ہمارا عزم اور حوصلہ اتنا ہی بلند ہوگا



بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ دو روز سے جاری آپریشن میں 8 کشمیری نوجوان شہید ہو چکے ہیں، 4 نوجوانوں کو پونچ جب کہ 4 کو کپواڑہ میں شہید کیا گیا۔ آج بھی کرفیو کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور ''گو انڈیا گو''، ''بھارت مردہ باد'' کے نعرے بھی لگائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: محبوبہ مفتی نے جنت نظیر وادی کو جہنم میں تبدیل کردیا

واضح رہے کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں 9 جولائی کو تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے پور ریاست میں آزادی کی تحریک زور پکڑ چکی ہے اور گزشتہ دو ماہ کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں اب تک 100 کے قریب کشمری شہید، ہزاروں زخمی اور سیکڑوں معزور ہو چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں