کراچی میں ٹارگٹ کلرز کو چھڑانے کیلیے پولیس پر حملہ ایک اہلکار جاں بحق اوردوسرا زخمی

ملزمان نے بلوچ کالونی کے قریب پولیس کار پر فائرنگ کی اور اپنے 2 ساتھیوں کو چھڑا کر لے گئے۔


ویب ڈیسک September 30, 2016
ملزمان نے بلوچ کالونی کے قریب پولیس کار پر فائرنگ کی اور اپنے 2 ساتھیوں کو چھڑا کر لے گئے۔ فوٹو؛ ایکسپریس/ محمد نعمان

FAISALABAD: بلوچ کالونی کے قریب ملزمان کو عدالت سے لانے والے پولیس اہلکاروں کی کار پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا جب کہ ملزمان پولیس کے زیرحراست اپنے 2 ساتھیوں کو چھڑا کر لے گئے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کےقریب نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس کی کار پر فائرنگ کردی جس میں سوار ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق کار میں سوار اہلکار لیاری گینگ وار کے 2 ملزمان کو عدالت سے واپس لے جارہے تھے کہ اس دوران کازوے کورنگی میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح ملزمان نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے حملہ کیا، ملزمان نے پہلے فائرنگ کرکے پولیس کی گاڑی کو روکا تو دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس دوران کار میں موجود ملزمان نے بھی پولیس اہلکاروں کو قابو کرنے کی کوشش کی تاہم ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا اور دوسرا سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا جب کہ ملزمان 2 ٹارگٹ کلرز کو چھڑا کر لے گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق اہلکار کی شناخت رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعہ کے بعد ایس ایس پی کورنگی اور ڈی آئی جی ایسٹ سمیت رینجرز حکام بھی موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے علاقہ پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ملزمان کو عدالت سے لے جاتے وقت ناقص سیکیورٹی پر بھی برہمی کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |