شاہد آفریدی نے جاوید میانداد کیخلاف بیان بازی پر معذرت کرلی

جاوید میانداد ایک عرصے سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور اس پر ردعمل فطری تھا، آفریدی


ویب ڈیسک October 09, 2016
جاوید میانداد ایک عرصے سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تاہم اپنے بیان پر معذرت خواہ ہوں، آفریدی۔ فوٹو:فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بوم بوم کے نام سے مشہور شاہد آفریدی نے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کے خلاف بیان بازی پر معافی مانگ لی۔

کراچی میں روزنامہ ایکسپریس کے اسپورٹس ایڈیٹر سلیم خالق کی کتاب "کرکٹ کارنر" کی تقریب رونمائی کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جاوید میانداد کو ہمیشہ پیسوں کا مسئلہ درپیش رہا ہے ملک کے اتنے بڑے کرکٹر کو پیسوں کی بات نہیں کرنی چاہئے اور یہی فرق عمران خان اور جاوید میانداد کے درمیان ہے۔



دوسری جانب جاوید میانداد کے خلاف بیان بازی پر بوم بوم آفریدی کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس پر انہوں نے ٹوئٹر پیغام میں اپنے بیان پر معذرت کی اور کہا کہ جاوید میانداد لیجنڈ کرکٹر ہیں لیکن وہ بغیر کسی وجہ کے میڈیا پر میری ذات پر ایک عرصے سے حملے کررہے ہیں، اس کے باوجود میں نے ایک عرصے تک درگزر کیا، برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے جو کچھ کہا وہ فطری تھا تاہم میں اپنے بیان پر معذرت خواہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی بدولت عوام سے پیار اور محبت کا رشتہ اب تک قائم ہے، 20 سالہ کیریئر میں اللہ نے جو نام دیا ہے وہ پہلے بھی تھا آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا حالات جیسے بھی ہوں مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔



شاہد آفریدی نے کہا کہ پشاور زلمی نے ملک میں نیا ٹیلنٹ متعارف کرانے کے لئے اہم کردار ادا کیا پہلے میں نے اس کی کپتانی کی اب پشاور زلمی کا صدر بننے کے بعد ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میچز کے ساتھ پاکستان سپر لیگ میں بھی حصہ لوں گا اور آئندہ کا لائحہ عمل پی سی بی کے ایگزیکٹوڈائریکٹر نجم سیٹھی سے ملاقات کے بعد طے کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں