آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس انگریزی اخبار کی خبر پر اظہار تشویش

من گھڑت خبر فیڈ کیا جانا قومی سلامتی کے منافی ہے، کورکمانڈرز


ویب ڈیسک October 14, 2016
من گھڑت خبر فیڈ کیا جانا قومی سلامتی کے منافی ہے، کورکمانڈرز، فوٹو؛ آئی ایس پی آر

کورکمانڈر کانفرنس میں سیکیورٹی اجلاس کی جھوٹی اور من گھڑت خبر پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ من گھڑت خبر فیڈ کیا جانا قومی سلامتی کے منافی ہے۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندرونی وبیرونی سیکیورٹی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ایل او سی پر موجودہ صورتحال، فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جب کہ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پرمکمل اطمینان کا اظہارکیا گیا۔



ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا گیا اور کہا گیا کہ سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج کسی بھی مہم جوئی اور غیر ذمے دارانہ کارروائی کا منہ توڑجواب دے گی۔



ترجمان پاک فوج کے مطابق کورکمانڈرز نے سیکیورٹی اجلاس کی جھوٹی اور من گھڑت خبر پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی اور من گھڑت خبر فیڈ کیا جانا قومی سلامتی کے منافی ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے ملک میں استحکام آیا، ملک کو ترقی، خوشحالی کی جانب لے کر جائیں گے اور پاک فوج مادر وطن کا کسی بھی قیمت پر دفاع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں