
اسلام آباد میں چائے بنانے والے ایک نوجوان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے بالخصوص بھارت میں اس چائے والے کی تصویر نے دھوم مچادی ہے جہاں بھارتی خواتین میں اس نوجوان نے بے پناہ مقبولیت حاصل کرلی ہے اور بھارتی لڑکیوں نےنوجوان کو دنیا کا حسین ترین مرد قرار دیدیا ہے جب کہ بہت سے لوگ تصویر کی خوبصورتی کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔
بالآخر ایکسپریس نیوز نے اس نوجوان کو تلاش کرہی لیا جو بھارت میں دھوم مچانے والا چائے فروش مردان کا 18 سالہ ارشد خان ہے جو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے پشاور موڑ بازار میں چائے کی دکان چلاتا ہے، ایکسپریس نیوز کے نمائندے نے ارشد خان سے کچھ باتیں کیں جس کا اُس نے انتہائی معصومانہ جوابات دیئے۔

سوال؛ کیا آپ جانتے ہیں کہ لوگ پوری دنیا میں آپ کو دیکھ رہے ہیں؟
ارشد خان ؛ دوستوں نے بتایا ہے کہ میری تصویر ہر جگہ اور ہر چینل پر چل رہی ہے، ہر کوئی ویڈیو اور تصویریں بنارہا ہے جس پر بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے۔
سوال؛ فلم میں کام کرنے کا موقع ملا تو کام کرنا پسند کریں گے؟
ارشد خان؛ جی ہاں بلکل، فلموں میں کام کرنا پسند کروں گا چاہے بالی وڈ ہو یا ہالی وڈ جب کہ ہالی ووڈ فلمیں دیکھنا زیادہ پسند کرتا ہوں۔
سوال؛ کس اداکارہ کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گے؟؟
ارشد خان ؛ جو بھی پسند آجائے یا کسی بھی اداکارہ کے ساتھ کام کرلوں گا۔
سوال؛ مشہور ہونے کے آپ کی دکان پر لوگوں کا رش بڑھا ہے یا نہیں؟
ارشد خان؛ جب سے مشہور ہوا ہوں ہر کوئی میرے ساتھ تصویر بنارہا ہے اور گلی میں بہت رش لگ گیا ہے، اپنی پوری زندگی میں اتنا رش نہیں دیکھا جتنا اب دیکھا ہے۔
سوال؛ لڑکیوں نے آپ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں یا نہیں؟
ارشد خان؛ صبح سے بہت ساری لڑکیاں آرہی ہیں جنھوں نے سلفیاں بنائی ہیں۔
رپورٹر؛ منگنی ہوگئی ہے کیا اور شادی کا کیا سوچا؟
ارشد خان؛ ابھی اس بارے میں کچھ نہیں سوچا کیونکہ دو بڑے بھائی کی شادی نہیں ہوئی ہے لہذا ان کی شادی کے بعد دیکھوں گا۔

تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔