راولپنڈی میں پی ٹی آئی اورعوامی مسلم لیگ کے کارکنوں کا احتجاج کمیٹی چوک میدان جنگ بن گیا

کمیٹی چوک پر مشتعل کارکنان کا پولیس پر پتھراؤ، کنٹینر کو آگ لگادی، پولیس نے لاٹھی چارج کرکے متعدد کارکنان کو دھرلیا


ویب ڈیسک October 28, 2016
کمیٹی چوک پر مشتعل کارکنان کا پولیس پر پتھراؤ، کنٹینر کو آگ لگادی، پولیس نے لاٹھی چارج کرکے متعدد کارکنان کو دھرلیا، فوٹو؛ آن لائن

تحریک انصاف و عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے باعث کمیٹی چوک میدان جنگ بن گیا جب کہ پولیس نے مشتعل کارکنان پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد کو گرفتار کرلیا۔





ایکسپریس نیوز کے مطابق شیخ رشید احمد کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد کمیٹی چوک پر حکومت کے خلاف جلسے کا اعلان کیا گیا تھا، وقت مقررہ پر جب کارکنوں نے کمیٹی چوک کا رخ کیا تو پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی، پولیس کی جانب سے روکے جانے پر مشتعل افراد نے پتھراؤ شروع کردیا جس کے بعد کمیٹی چوک اور مری روڈ میدان جنگ بن گئے۔





کارکنوں کے پتھراؤ پر پولیس نے لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں برسانا شروع کی، اس دوران کئی افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ اس تمام عمل کے دوران شیخ رشید سر پر ٹوپی اور چہرے پر کپڑا لگائے موٹر سائیکل پر پولیس اہلکاروں کے سامنے سے کئی مرتبہ نکلے لیکن پولیس اہلکار انہیں پہچان نہ سکے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ڈرنے والا نہیں حکومت پکڑ سکتی ہے تو پکڑ لے، شیخ رشید





اس دوران شیخ رشید احمد موٹر سائیکل پر سوار ہوکر ڈرامائی انداز میں آئے اور ایک میڈیا ہاؤس کی ڈی ایس این جی وین یر چڑھ کر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج پنڈی میں پانی اور بجلی نہیں، حکومت نے پورا شہر بند کروادیا، لال حویلی کے سارے راستے بند ہیں، راولپنڈی کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ حکومت کو نہیں مانتے، اگر کسی میں ہمت ہے تو وہ انہیں گرفتار کرکے دکھائے۔ بعد ازاں شیخ رشید کمیٹی چوک سے موٹر سائیکل پر دوبارہ نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہوگئے۔



شیخ رشید کے روانہ ہونے کے بعد ایک بار پھر پولیس اور کارکنان میں جھڑپیں شروع ہوگئیں، مشتعل کارکنان نے پولیس پر چاروں طرف سے پتھراؤ کردیا جس کےبعد پولیس نے کارکنان پر شدید لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ شروع کردی اور متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا جب کہ اس دوران مشتعل افراد نے کمیٹی چوک پر کھڑے کنٹینر کو بھی آگ لگادی۔





دوسری جانب اسلام آباد میں بھی پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ بنی گالا میں عمران خان چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جس نے بنی گالا کی طرف بڑھنے والے کارکنان کو حراست میں لے لیا، پولیس نے اس دوران دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں آنے والے کارکنان کو حراست میں لے لیا جب کہ پولیس نے کچھ کارکنان پر لاٹھی چارج بھی کیا۔ اس کے علاوہ بنی گالا میں عمران خان کی رہائش گاہ کے اطراف پولیس کمانڈو کی بھاری نفری موجود ہے۔



پولیس کے مطابق بنی گالا اور بارہ کہو سے 40 کارکنان کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا جن پر اس کی خلاف ورزی کے مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار کارکنان کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں