حکومتی عدم توجہی کے باعث جگہ جگہ شراب خانے کھلے جسٹس سجاد علی شاہ

ہمارا آئین شراب کی اجازت صرف غیر مسلموں کو ان کے مذہبی تہوار پر دیتا ہے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ


ویب ڈیسک October 29, 2016
سندھ میں اس وقت 700 ججز کام کررہے ہیں جو تاریخ کے لحاظ سے ایک ریکارڈ ہے ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ : فوٹو : فائل

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ شراب کے کمائی نہیں کھاتی لیکن اس معاملے پر توجہ بھی نہیں دیتی جس کے باعث جگہ جگہ شراب کی دکانیں کھل گئی ہیں۔

حیدرآباد میں سندھ ہائی کورٹ ایسوسی ایشن کے سالانہ عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ حکومت سندھ لوگوں کو شراب پلا کر اس کی کمائی کھانا چاہتی ہے بلکہ حکومت نے تو شراب کے معاملے پر کبھی توجہ ہی نہیں دی اسی وجہ سے جگہ جگہ شراب کی دکانیں کھل گئی ہیں۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے بتایا کہ ہمارا آئین شراب کی اجازت صرف غیر مسلموں کو ان کے مذہبی تہوار پر دیتا ہے جبکہ شراب خانوں پر پابندی کے فیصلے کے وقت سکھ ، عیسائی اور ہندو برادری کا کہنا تھا کہ مسلمانوں نے اگر شراب پینی ہے تو پھر وہ اپنے نام سے پیئں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھر میں شراب خانے بند کرنے کا حکم

جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹس کے حوالے سے کئے گئے سوال پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹیز میں بہت سے تجربہ کار افسران سمیت انٹیلجنس رپورٹس بھی شامل ہوتی ہیں اور اس سے متعلق یہ تاثرعام ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کسی تھانے کے اے ایس آئی سطح کی تفتیش نہیں ہوگی لیکن ان باتوں سے قطع نظر جے آئی ٹی کو کوئی قانونی تحفظ حاصل نہیں ہے اور گواہی میں بھی جے آئی ٹی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس وقت 700 ججز کام کررہے ہیں جو تاریخ کے لحاظ سے ایک ریکارڈ ہے عدلیہ میں تطہیر کے لئے ججز کی تعیناتی اور برطرفی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 25 ججز کو جبری ریٹائر اور برطرف جبکہ ماتحت عدلیہ میں سندھ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 149 ججز کو بھرتی کیا گیا ہے۔ بحیثیت چیف جسٹس تعیناتی کے وقت 1 لاکھ 37 ہزار مقدمات زیر التوا تھے اور اس دوران مزید 2 لاکھ کیسز سامنے آئے لیکن موجودہ وقت میں صرف 1 لاکھ 20 ہزار کیسز زیرالتوا ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ انصاف کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے جس کے لئے معیار پر پورا اترنے والے مزدوروں، چائے بیچنے والوں اور سبزی فروشوں کے بچوں کو بھی جج منتخب کیا گیا کیوں کہ مجھے یقین ہے کہ ان نئی بھرتیوں کے نتیجے میں سسٹم میں بہترین تبدیلی آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں