پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث بھارتی سفارتکاروں کا نیٹ ورک پکڑا گیا

بھارتی ہائی کمیشن کا فرسٹ سیکریٹری بلبیر سنگھ ’’آئی بی‘‘ اور کمرشل قونصلر راجیش کماراگنی ہوتری ’’را‘‘ کا کارندہ نکلا


ویب ڈیسک November 02, 2016
بھارتی ہائی کمیشن کے کئی اہلکار وں کاتعلق’’را‘‘اور آئی بی بھارت سے ہے، سیکیورٹی ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے کئی سفارت کاروں کا تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے کئی اہلکار پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں، ملک کی سیکیورٹی ایجنسیز نے سفارتکاروں کے لبادے میں تخریب کاروں کا ایک نیٹ ورک پکڑ لیا ہے، جن میں سے ایک سرجیت سنگھ کو گزشتہ ہفتے ملک بدر کردیا گیا تھا تاہم اب مزید دو نام نہاد سفارت کاروں بلبیرسنگھ اور راجیش کماراگنی ہوتری کے بھی اس نیٹ ورک میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

بلبیر سنگھ بھارتی کمیشن میں فرسٹ سیکریٹری پریس انفارمیشن تعینات ہے جب کہ وہ درحقیقت بھارتی ایجنسی آئی بی کا اہلکار ہے۔ اس کے علاوہ راجیش کمار اگنی ہوتری کمرشل قونصلر کے لبادے میں تعینات ''را'' کا کارندہ ہے۔ بلبیر سنگھ آئی بی کے کارندوں سے پاکستان میں تخریبی کارروائیاں کروا رہا ہے، گزشتہ ہفتے پاکستان سے ملک بدر کیا گیا سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ بھی بلبیر سنگھ ہی کے نیٹ ورک کا حصہ تھا، سرجیت سنگھ نے عبدالحفیظ کے نام سے موبائل فون کمپنی کا جعلی کارڈ بھی بنوایا ہوا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلبیرسنگھ اور راجیش کمار اگنی ہوتری کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا کہا جائے گا، آئندہ کچھ روز کے دوران پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلانے والے مزید کئی نام نہاد بھارتی سفارتکاروں کے نام سامنے آئیں گے۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل بلوچستان سے ''را'' کا افسر کل بھوشن یادیو پکڑا گیا تھا جسے مسلمان کی حیثیت سے بھارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا اور اس کے پاسپورٹ پر ایران کا ویزا تھا۔ کل بھوشن نے اعتراف کیا تھا کہ وہ بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر ہے اور ''را'' میں کئی برسوں سے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں