فیصل رضا عابدی کو دُہرے قتل میں انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا پولیس حکام

فیصل رضا عابدی کے خلاف دُہرے قتل میں ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں، ڈی آئی جی ایسٹ


ویب ڈیسک November 05, 2016
فیصل رضا عابدی کے خلاف دو افراد کے قتل میں ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں، پولیس حکام. فوٹو:فائل

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو دُہرے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو دُہرے قتل کے الزام میں انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، فیصل رضا عابدی کے خلاف دُہرے قتل میں ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں اور اسی بنیاد پر کو گزشتہ روز پٹیل پاڑہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے اور انہیں کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔



دوسری جانب ترجمان اہلسنت والجماعت کا کہنا ہے کہ فیصل رضا عابدی ہمارے کارکنان کے قتل میں ملوث ہے، فیصل رضا عابدی کو رہا کیا گیا تو وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ ترجمان اہلسنت والجماعت کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی کی رہائی کے لئے کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔



واضح رہے کہ سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو گزشتہ شب پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کر کے کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا اور پھر انہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔



فیصل رضا عابدی پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر بھی رہ چکے ہیں جب کہ آصف علی زرداری کے دور صدارت میں وہ ان کے دست راست سمجھے جاتے تھے اور ان کا شمار پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں میں ہوتا تھا تاہم عدلیہ مخالفت بیانات اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر پیپلزپارٹی نے 2012 میں ان کی رکنیت معطل کردی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |