تحقیقاتی ٹیم کی کیڈٹ کالج میں تشدد کا نشانہ بننے والے متاثرہ بچے کے والد سے ملاقات

میڈیکل بورڈ کل متاثرہ طالب علم کی صحت اور رپورٹس کا معائنہ کرے گا


ویب ڈیسک November 20, 2016
میڈیکل بورڈ کل متاثرہ طالب علم کی صحت اور رپورٹس کا معائنہ کرے گا، فوٹو : ایکسپریس

کیڈٹ کالج میں استاد کے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والے متاثرہ طالب علم محمد احمد کے والد سے تحقیقاتی ٹیم نے ملاقات کی جس میں انہوں نے بچے پر تشدد کے حوالے معلومات حاصل کیں جب کہ میڈیکل بورڈ کل متاثرہ طالب علم کی صحت اور رپورٹس کا معائنہ کرے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت کے بعد لاڑکانہ کے کیڈٹ کالج میں استاد کی جانب سے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والے طالب علم محمد احمد کے والد سے تحقیقاتی ٹیم نے ملاقات کی جس میں ٹیم نے بچے پر تشدد کے حوالے سے معلومات حاصل کیں، بچے کے والد نےتحقیقاتی ٹیم سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً ایک گھنٹے تک تحقیقاتی ٹیم کے 4 ارکان نے گھر پر ملاقات کی اور ان کے بچے پر تشدد کے حوالے سے سوالات بھی کیے۔



اس خبرکو بھی پڑھیں : لاڑکانہ کیڈٹ کالج میں طالب علم پر استاد کا تشدد ثابت ہوگیا

دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ محمد احمد کا علاج امریکا میں ہوسکتا ہے جب کہ متاثرہ طالب علم کے والد غلام احمد کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ اپنے بیٹے کا امریکا میں علاج کراسکیں، انہوں نے اپنی تمام جمع پونچی احمد کے علاج پر لگا دی جب کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ طالب علم کا جہاں بھی ممکن ہو علاج کرایا جائے جس کے تمام اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔

بعد ازاں اعلیٰ حکام کی ٹیم نے متاثرہ طالب علم کے والد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے بچے پر تشدد کے حوالے سے معلومات اور علاج کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ بچے کے والد کا محمد احمد کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج صوبائی محکمہ داخلہ کی ٹیم نے بھی تحقیقات کی اور اعلیٰ حکام کی ٹیم نے دو گھنٹے سے زائد بات چیت کی تاہم معاملے کی تحقیقات میں وقت ضائع نہ کیا جائے تحقیقات ہوتی رہے گی پہلے میرے بچے کا علاج کرایا جائے، پوری قوم سے اپیل ہے کہ میری مدد کی جائے۔

واضح رہے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے 14 سالہ طالب علم محمد احمد کو استاد نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث طالب علم کی گردن کی ہڈی ٹوٹ گئی اور وہ ذہنی صلاحیت سے بھی محروم ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |