بلند حوصلہ پاکستان نے بازی ہار کر بھی دل جیت لیے

490 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 450 پر آل آؤٹ ہو گئی


Sports Desk December 19, 2016
اسد شفیق کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا

برسبین میں 490 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے قومی ٹیم کی اننگز کا ریکارڈ 450 پر اختتام پذیر ہوگیا لیکن آخری روز 1،1 رن پرکینگروزکے چہروں پرہوائیاں اڑتی رہیں جب کہ میچ کے ہیرو اسد شفیق137پر رخصت ہوئے اور مہمان ٹیم نے ٹیسٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز کا تیسرا اور آسٹریلیا میں سب سے بڑا ٹوٹل بنایا۔

بلند حوصلہ پاکستان نے بازی ہار کر بھی دل جیت لیے،برسبین ٹیسٹ میں 490 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اننگز کا ریکارڈ 450 پر اختتام ہوا، یوں 39 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، میچ کے آخری روز ایک ایک رن پر کینگروز کے چہروں پر ہوائیاں اڑتی رہیں، میچ کے ہیرو اسد شفیق137رنز بناکر رخصت ہوئے تو منزل صرف41 رنز دور تھی،اسی اوور میں یاسر شاہ 33پر رن آؤٹ ہوگئے،مچل اسٹارک 4،جیکسن برڈ3 اور ناتھن لیون 2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے،مہمان ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز کا تیسرا اورآسٹریلیا میں سب سے بڑا ٹوٹل بنایا۔

تفصیلات کے مطابق برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 429 رنز بنائے تھے، جواب میں پاکستان کی کوشش صرف 142 رنز تک محدود رہی، کینگروز نے مہمان ٹیم کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کرتے ہوئے5 وکٹ پر 202 رنز اسکور کیے،یوں گرین کیپس کو فتح کیلیے 490 رنز کا مشکل ہدف ملا، اتوار کو مہمان ٹیم نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 8وکٹ پر382رنز بنائے تھے، اسد شفیق100اور یاسر شاہ4رنز پر ناقابل شکست تھے،میچ کے آخری روز نصف گھنٹے قبل کھیل شروع ہوا تو مہمان ٹیم کو جیت کیلیے 108 رنز درکار تھے،دونوں پلیئرز نے پُراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے 400رنز 130اوورز میں مکمل کرائے،یاسر شاہ 19پر تھے کہ جیکسن برڈ کی گیند بیٹ کو چھوکر دوسری سلپ میں گئی لیکن وہاں کوئی فیلڈر موجود نہیں تھا،اس کے بعد وہ ناتھن لیون کا سامنا کرتے ہوئے اسٹمپڈ ہونے سے بھی بال بال بچ گئے،یاسر شاہ کا اسکورجب27 ہوا تو جوش ہیزل ووڈ کی بولنگ پر ناتھن لیون ڈائیو لگانے کے باوجود کیچ لینے میں ناکام رہے،گیند ان کی انگلیوں سے ٹکراتی ہوئے گزر گئی،اسی اوور میں پیسر نے ایل بی ڈبلیو کیلیے اپیل کی تو امپائر نے انگلی اٹھا دی لیکن یاسر شاہ ریویو کی مدد سے وکٹ بچانے میں کامیاب ہوگئے۔



مچل اسٹارک کی گیند پر میتھیو ویڈ بھی ان کا کیچ نہ لے سکے،منزل صرف 41 رنز کی دوری پر رہ گئی توکینگروز کے چہروں پر پریشانی کے آثار نمایاں ہو گئے، ایسے میں مچل اسٹارک کی تیزی سے اٹھتی ہوئی گیند نے اسد شفیق کی میراتھن اننگز137 پر تمام کردی، گلی میں موجود ڈیوڈ وارنر نے کیچ تھام کر میزبان فیلڈرز کو جشن منانے کا موقع فراہم کیا، راحت علی نے سنگل لے کر یاسر شاہ کو اسٹرائیک دی، انہوں نے مچل اسٹارک کے یارکر کا سامنا کیا تو گیند بیٹ سے چھو کر سلپ میں گئی،وہاں موجود اسٹیون اسمتھ نے انھیں کریز سے باہردیکھتے ہوئے وکٹوں کو نشانہ بنا دیا، یوں یاسر کی ذمہ دارانہ اننگز کا 33 اور پاکستان کی کوشش کا 450 رنز پر اختتام ہوا، سخت مشقت کے بعدآسٹریلیا 39 رنز سے سرخرو ہوگیا۔ مچل اسٹارک 4،جیکسن برڈ3 اور ناتھن لیون 2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، اسد شفیق کو شاندار اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔



یاد رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا میں چوتھی اننگز کا سب سے بڑا ٹوٹل بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے، اس سے قبل بھارت نے 78-1977 کے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 445 رنز اسکورکیے تھے، وولین گابا میں چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ مجموعہ 370 انگلینڈ نے ایشز سیریز 7-2006 میں بنایا تھا، پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز کا تیسرا بڑا ٹوٹل بھی بنایا، سب سے زیادہ 5 وکٹ پر654 رنزانگلینڈ نے 39-1938 کے ڈربن ٹیسٹ میں بنائے تھے،گرین کیپس کا چوتھی اننگز میں سب سے بڑا اسکور3وکٹ پر 382تھا جب مہمان ٹیم نے گذشتہ سال پالے کیلی میں ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں