
گلوکارہ عینی کا کہنا ہے کہ ان کا خاوند ان پر بدترین تشدد کرتا تھا اور انہیں قتل کی دھمکیاں بھی دیتا تھا۔ عینی نے کہا کہ ان کا خاوند دبئی میں ان کے قیام کے دوران بھی ان کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کرتا رہا جس کی انہوں نے دبئی پولیس میں رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔
گلوکارہ عینی کا کہنا ہے کہ وہ کسی طرح اپنے شوہر سے جان بچا کر 15 دسمبر کو لندن پہنچ گئیں لیکن انہیں وہاں بھی ان کے شوہر کی جانب سے مسلسل قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جس سے متعلق انہوں نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی پولیس کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے جبکہ عینی کے منیجر کا کہنا ہے کہ وہ طلاق کے لئے قانونی چارہ جوئی کریں گی۔
دوسری جانب عینی کے شوہر ملک نورید اعوان نےالزام لگایا ہے کہ عینی گھر سے کروڑوں روپے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے لندن فرار ہوگئیں جس سے متعلق تفصیلی حقائق وہ پریس کانفرنس میں بتائیں گے۔
واضح رہے کہ گلوکارہ عینی کی شادی رواں سال ستمبر میں بزنس مین ملک نورید اعوان سے انجام پائی تھی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔