امریکی اراکین سینیٹ نے بھی ٹرمپ کے خلاف عَلم بغاوت بلند کردیا

امریکی سینیٹ میں روسی صدر اور ان کے قریبی ساتھیوں کیخلاف پابندی کی قرارداد پیش کریں گے، ریپبلکن سینیٹر


ویب ڈیسک December 29, 2016
امریکی سینیٹ کے 100 میں سے 99 ممبران ٹرمپ کے روس سے متعلق بیان سے متفق نہیں، ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم۔ فوٹو: فائل

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس سے قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں جب کہ امریکی ایوان بالا میں ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر لنڈسے گراہم کا کہنا ہے کہ سینیٹ کے 100 میں سے 99 ممبران نو منتخب امریکی صدر کے روس سے متعلق بیان کے مخالف ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیئے گئے انٹرویو میں سینیٹر لنڈسے گراہم کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے تمام ممبران ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارتی انتخابات میں روس کی عدم مداخلت کے حوالے سے دیئے جانے والے بیان سے متفق نہیں ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: امریکا شواہد کے بغیر ای میلز ہیکنگ کے الزامات لگانے سے باز رہے، روس

لنڈسے گراہم کا مزید کہنا تھا کہ وہ سینیٹر جان مکین کے ہمراہ سینیٹ میں اس معاملے پر بحث کریں گے اور ہم مشترکہ طور پر روسی صدر ولاد میر پیوٹن اور ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف صدارتی انتخابات میں مداخلت کرنے پر پابندیوں کے حوالے سے قرارداد پیش کریں گے، روسی حکام پر یہ پابندیاں صرف امریکا میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں ہوں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: روس نے مداخلت کر کے ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوایا، سی آئی اے

واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما اور ان کی جماعت ڈیموکریٹکس کی امیدوار ہلیری کلنٹن کی جانب سے بارہا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران روس نے مداخلت کی جب کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی جانب سے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح میں روس کے کردار کا کہا گیا۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کر رہے ہیں کہ صدارتی انتخابات کے دوران روس نے مداخلت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں