پاک-روس تعلقات درست سمت گامزن، توانائی میں تعاون آگے بڑھا جائے گا، نائب وزیراعظم

ویب ڈیسک  بدھ 18 ستمبر 2024
اسحاق ڈار اور الیکسی ورچوک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی—فوٹو: فائل

اسحاق ڈار اور الیکسی ورچوک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی—فوٹو: فائل

  اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات درست میں گامزن ہیں اور توانائی کے شعبے میں تعاون آگے بڑھا جائے گا۔

اسلام آباد میں نائب وزرائے اعظم پاکستان اور روس نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم( ایس سی او) کے لیے پاکستان روس کا مشکور ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے معاملے میں بھی پاکستان اور روس کا تعاون جاری ہے، پاکستان اور روس کے تعلقات درست سمت میں جا رہے ہیں اور  آج کی ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم روس سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ باہمی دلچسبی کے امور جس میں تجارت، معیشت پر بات چیت کی گئی ہے اور توانائی میں شعبوں میں تعاون کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔

روس کے نائب وزیراعظم الیکسی ورچوک نے کہا کہ تجارت، معیشت اور کلچرل تعلقات مضبوط کریں گے، تفصیلی بات چیت ہوئی ہے کہ روس پاکستان کی معیشت میں کیسے مدد کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ملاقات میں بزنس اور عوامی رابطوں پر بھی بات چیت کی گئی ہے، روس کے وزیراعظم کی ایس سی او میں شرکت متوقع ہے۔

روسی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روس رواں برس برکس کی میزبانی کر رہا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان برکس کی رکنیت کے لیے اپلائی کیا ہے، ہمارے پاکستان سے اچھے تعلقات ہیں اتفاق رائے سے پاکستان رکن بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھی برکس کی رکنیت کے لیے اپلائی کیا یے اور ہم اس کی حمایت کرتے ییں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ برکس کی رکنیت کے لیے ایک طریقہ کار ہے، طریقہ کار کے تحت ہی پاکستان برکس کی رکنیت کے لیے اپلائی کر رہا ہے، تمام رکن ممالک کی اتفاق رائے سے ہی حمایت ملتی ہے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔