پاکستان کی لبنان پر اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت

ویب ڈیسک  منگل 24 ستمبر 2024
ممتاز زہرہ بلوچ نے بیان میں کہا کہ ہم لبنان کے ساتھ کھڑے ہیں—فوٹو: فائل

ممتاز زہرہ بلوچ نے بیان میں کہا کہ ہم لبنان کے ساتھ کھڑے ہیں—فوٹو: فائل

  اسلام آباد: پاکستان نے لبنان پر اسرائیلی کی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کو فوری طور پر جواب دہ ٹھہرائے، جہاں تازہ حملوں اب تک سیکڑوں افراد شہید ہوچکے ہیں۔

ترجمان دفتر ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے اسرائیل کی لبنان پر تازہ ترین جارحیت، جس میں سیکڑوں بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا گیا، کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان پر یہ جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ ایک خطرناک  فعل ہے جو پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں امن و سلامتی کو مزید خطرے میں ڈال رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی لبنان پر بمباری؛ خواتین بچوں سمیت 558 شہید، 1600 سے زائد زخمی

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم لبنان کے حقِ امن و سلامتی کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خطے میں اسرائیل کی خطرناک مہم جوئی اور اس کی جارحیت اور نسل کشی کے اقدامات پر اسے فوری طور پر جواب دہ ٹھہرائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔