نواز شریف اور مریم سے چینی سفیر کی ملاقات، وزیر اعلیٰ کو دورہ چین کی دعوت

ویب ڈیسک  بدھ 25 ستمبر 2024
(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مریم نواز سے چینی سفیر نے ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ کو دورہ چین کی دعوت دے دی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی جس میں ٹیکنالوجی، کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ چین ہمارا قابل اعتماد دوست ہے اور ہمیں اس عظیم قوم کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے، مریم نواز پنجاب کے عوام کے لیے بہت سے فلاحی منصوبوں کی قیادت کر رہی ہیں جن کے ساتھ ساتھ پنجاب انفرا اسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ مل کر معاشی انقلاب لاسکتے ہیں، ہم پنجاب میں اپنے چینی دوستوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیےمخصوص “چائنیز اکنامک زونز” کے قیام کی تجویز پیش کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان غربت میں کمی کے لیے چینی ماڈل سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین بھی پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں میں اس دوستی میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے, CPEC کے اپ گریڈڈ وژن میں پنجاب کی شمولیت کا خیرمقدم کریں گے جس میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پنجاب میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کسان کارڈ، ٹریکٹر aسکیم جیسے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہا اور بتایا کہ پنجاب میں چین کے تعاون سے 5 لاکھ ایکڑ رقبے پر زیادہ پیداوار دینے والی ہائبرڈ ریپسیڈ کاشت کی جا رہی ہے اور اب وہ اس رقبے کو دگنا کرنا چاہتے ہیں۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ ’’پاکستان کے 1000 کسانوں کو چینی ماہرین جدید کاشتکاری کی تکنیک کی تربیت دیں گے‘‘۔

وزیر اعلیٰ نے زراعت میں مشینوں اور پانی کے موثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان شعبوں میں چینی مہارت سے استفادہ بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔

جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دینا چاہتے ہیں، مریم نواز شریف کو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر چین میں خوش آمدید کہا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دوران پاک چین تعلقات کی ایک طویل تاریخ رہی، نواز شریف کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات بہت بلندیوں پر گئے اور مریم نواز شریف کے ساتھ مل کر اسے مزید آگے لے جانے کی امید رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔