نئے آئی فون 16 میں خامی سامنے آگئی، صارفین کو مشکلات کا سامنا

ویب ڈیسک  بدھ 25 ستمبر 2024

کیلیفورنیا: گزشتہ جمعے ایپل اسٹورز پر باقاعدہ فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے آئی فون 16 میں صارفین کو مسائل کو پیش آنے لگ گئے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ریڈِٹ پر آئی فون 16 پرو خریدنے والے متعدد صارفین نے شکایت کی کہ ایپل کی فلیگ شپ ڈیوائس میں اگر کیمرا بٹن کے ساتھ جگہ کو دبایا جائے تو فون کی ٹچ اسکرین ساکت ہو جاتی ہے۔

آئی فون 16 میں شامل کیے جانے والے نئے فیچر کے تحت کیمرا بٹن صارفین کو کیمرا ایپ کھولے بغیر تصویر کھینچنے اور ان کو کنٹرول کرنے کا اختیار دیتا ہے۔

وہ صارف جس نے ریڈِٹ پر یہ تھریڈ شروع کی اس کا کہنا تھا کہ اگر کوئی غلطی سے نئے کیمرا کنٹرول بٹن سے آگے کا حصہ چھو لے تو ہوم بار کے علاوہ پوری اسکرین ساکت ہوجاتی ہے۔ فون کا یہی ایک حصہ ہے جو مسئلہ کر رہا ہے۔

9ٹو5 میک کے مطابق کیمرا بٹن کے قریب کا حصہ دبانے سے تمام قسم کے ٹیپس، سوائپس اور اسکرین پر کیے جانے والے دیگر امور وقتی طور پر رک جاتے ہیں۔ جو ممکنہ طور پر آئی او ایس میں پیش کیے جانے والے ریجیکشن الگوردم کا ضرورت سے زیادہ حساس ہونا ہو سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔