کراچی: شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث دو سیکیورٹی گارڈ سمیت  تین ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 27 ستمبر 2024

کراچی: تیموریہ پولیس نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث دو سیکیورٹی گارڈ سمیت  تین ملزمان کو گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کر کے اسلحہ اور گاڑی برآمد کرلی۔

تیموریہ پولیس نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث دوسیکورٹی گارڈ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، پولیس نے بفرزون سے اغوا کیے گئے مغوی کو بازیاب کر کے کار برآمد کرلی۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق تیموریہ پولیس نے ٹیکنیکل و انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث تین اغوا کار گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کرالیا۔

رواں ماہ 26 ستمبر کو بفرزون کے علاقے سے کرولا گاڑی میں موجود اغوا کاروں نے مدد علی نامی شخص کو اغوا کر کے رہائی کے عوض 2 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

تاہم، پولیس نے کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین اغوا کاروں ابراہیم ، اسرار اور احتشام کو گرفتار کر کے 2 رائفلز، 30 بور پستول اور چھینی ہوئی گاڑی برآمد کرلی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار دو اغوا کار الغازی ویلفیئر کے سیکیورٹی گارڈ ہیں جبکہ ملزمان نے مغوی مدد علی کو کار سمیت اغوا کیا تھا ۔

ایس ایچ او تیموریہ شاہد تاج کے مطابق مغوی مدد علی کراچی سے حیدر آباد کے درمیان چلنے والی کار کا ڈرائیور ہے اور واقعہ سے قبل کار میں ایک فیملی بھی سوار تھی جسے ملزمان نے اتارنے کے بعد ڈرائیور کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔