حسن نصراللہ کی شہادت، ایران میں 5 روزہ قومی سوگ کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 ستمبر 2024
حسن نصراللہ کو جمعے کی رات کو اسرائیل نے فضائی حملے میں شہید کردیا—فوٹو: بشکریہ تسنیم

حسن نصراللہ کو جمعے کی رات کو اسرائیل نے فضائی حملے میں شہید کردیا—فوٹو: بشکریہ تسنیم

تہران: ایران نے لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت پر 5 روزہ قومی سوگ کا اعلان کردیا۔

ایران کی سرکاری خبرایجنسی تسنیم کی رپورٹ کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے سید حسن نصراللہ کی شہادت کی حزب اللہ کی جانب سے تصدیق کے بعد 5 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

حزب اللہ نے ہفتے کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ حسن نصراللہ بیروت کے جنوبی علاقے داہیہ کے گنجان آباد علاقے میں واقع رہائشی عمارت پر اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں شہید ہوگئے ہیں۔

بیروت پر اسرائیل کی جانب سے حملوں کا ایک سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور حالیہ حملوں میں بیرون کے جنوبی مضافات میں گنجان آباد رہائشی عمارتیں نشانہ بنائی گئی ہیں اور اسرائیل ‘بنکر بسٹنگ’ بم استعمال کر رہا ہے۔

لبنانی وزارت صحت کے حکام نے بتایا تھا کہ مذکورہ حملے میں 6 افراد شہید اور 91 افراد زخمی  ہوگئے ہیں تاہم ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

اسرائیل کے حملے میں حسن نصراللہ کی شہادت پر ایران سمیت دیگر ممالک نے مذمت کی ہے اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے مسلمانوں سے حزب اللہ کا ساتھ دینے کی درخواست کی تھی۔

ایران کے صدر مسعود پزشکان نے حسن نصراللہ کو مسلمانوں کا فخر اور مزاحمت کی علامت قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف مؤثر اقدام نہ کرنے پر عالمی برادری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔