سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کردیا

ویب ڈیسک  اتوار 29 ستمبر 2024
فوٹو: کرک انفو

فوٹو: کرک انفو

سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔

گال میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان سری لنکا نے اننگ اور 154 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیکر نیوزی لینڈ کو سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش کر دیا۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے پہلا ٹیسٹ میچ 63 رنز سے جیتا تھا جبکہ گزشتہ سال کیویز نے اپنی سر زمین پر سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جس کا سری لنکا نے حساب برابر کردیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی اننگ 602 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ سری لنکا کے تین بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کیں۔

مزید پڑھیں: گال ٹیسٹ: سری لنکا کی نیوزی لینڈ کو 63 رنز سے شکست

کمیندو مینڈس نا قابل شکست 182 رنز، دنیش چندی مل 116 اور کوشل مینڈس 106 کے ساتھ نمایاں رہے۔ رنز کا پہاڑ دیکھ کر نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 88 رنز پر ڈھیر ہوکر فالو آن ہوگئی۔

سری لنکا کے پربھات جے سوریا نے 6 جب کہ نشان پیئرس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری اننگ میں کیویز نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن پوری ٹیم صرف 360 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ نشان پیئرس نے 6 جب کہ پربھات جے سوریا نے 3 وکٹیں لیں۔

مینڈس کو 182 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی جب کہ پربھات جے سوریا کو 18 وکٹیں اڑانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔