بھارتی وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان میں دوطرفہ مذاکرات کا امکان مسترد کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 اکتوبر 2024
بھارتی وزیرخارجہ نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کیا—فوٹو: رائٹرز

بھارتی وزیرخارجہ نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کیا—فوٹو: رائٹرز

نئی دلی: بھارت کے وزیرخارجہ سبرامینم جے شنکر نے پاکستان میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران دو طرفہ مذاکرات کے امکان کو مسترد کردیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے وزیرخارجہ جے شنکر نے نئی دہلی میں ایک تقریب میں پاک-بھارت تعلقات سے متعلق سوال پر کہا کہ مجھے توقع ہے کہ میڈیا کی بھرپور توجہ ہوگی کیونکہ تعلقات کی نوعیت ایسی ہے لیکن میں کہنا چاہتا ہوں یہ اجلاس کثیرالملکی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں وہاں پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات پر بات کرنے کے لیے نہیں جا رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں وہاں ایس سی او کے رکن ملک کی حیثیت سے جا رہا ہوں لیکن میں ایک سنجیدہ اور مہذب شہری ہوں تو میں اسی طرح کا رویہ اپناؤں گا۔

یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس؛ بھارتی وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کرینگے

خیال رہے کہ بھارت کی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ وزیرخارجہ جے شنکر ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد جائیں گے جو 15 اور 16 اکتوبر کو شیڈول ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ نے جے شنکر کے دورے کے موقع پر پاکستانی رہنماؤں سے ملاقات کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

اس سے قبل پاکستان کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایس سی او کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارتی وزیرخارجہ کے دورے سے کسی بڑے دو طرفہ بریک تھرو کا امکان نہیں ہے، حنا ربانی کھر

ترجمان وزارت خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیج دیا گیا تھا اور چند ممالک نے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے معمول پر نہیں ہیں لیکن 2019 میں پیش آنے والے واقعات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات انہتائی کشیدہ رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔