ایف بی آر کی سائبر سیکیورٹی کی ناکامی کا انکشاف، ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا غیر محفوظ

احتشام مفتی  منگل 8 اکتوبر 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے ایف بی آر کی سائبر سیکیورٹی کی ناکامی کا انکشاف کردیا ہے۔

ایف ٹی او نے یہ انکشاف ایک ٹیکس دہندہ کی شکایت پر تحقیقات کے دوران کیا ہے، اپنی رپورٹ میں وفاقی ٹیکس محتسب نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی سائبر سیکورٹی کی ناکامی کی وجہ سے 14 ارب 66 کروڑ روپے کا ٹیکس فراڈ ہوا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سائبر حملے میں ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا غیر محفوظ ہوگیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سائبر کریمنل نے ایف بی آر کی سائبر سیکیورٹی کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلی لین دین کیے اور فراڈ کرنے والوں نے 81 ارب 43 کروڑ روپے کی جعلی ٹرانزیکشن بھی کیں، ان جعلی ٹرانزیکشن میں قومی خزانے کو ریونیو کی مد میں 14ارب 66کروڑ روپے مالیت کا نقصان ہوا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شکایت کرنے والے کا ٹیکس ریٹرن صفر دیکھانے کے باوجود ایف بی آر نے اسے بلیک لسٹ کردیا گیا۔ رپورٹ میں وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے ایف بی آر اور پرال کے اسٹاف پر سخت تنقید کی گئی ہے اور ایف ٹی او نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ وہ مجرموں کی فوری شناخت کرے۔ اس سلسلے میں وفاقی ٹیکس محتسب کی اس کیس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت بھی جاری کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔