ذیلی کمیٹی کا اجلاس، آئینی ترامیم کے مسودوں پر اتفاق رائے کی کوشش

ضیغم نقوی  اتوار 13 اکتوبر 2024
وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کی زیرصدارت ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا—فوٹو: فائل

وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کی زیرصدارت ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا—فوٹو: فائل

  اسلام آباد:  پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے اجلاس میں حکومت سمیت دیگر جماعتوں کے مسودوں پر اتفاق رائے کی کوشش کی اور رپورٹ خصوصی کمیٹی میں پیش کرے گی۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ان کے گھر میں ہوا جہاں مجوزہ آئینی ترامیم پر اتفاق رائے کے لیے مختلف مسودوں پر غور کیا گیا۔

حکومت نے آئینی ترامیم کے حوالے سے کوششیں تیز کر دی ہیں اور اسی سلسلے میں پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی غیر رسمی ذیلی کمیٹی کا مختصر اجلاس ہوا، جہاں حکومتی مسودے کے علاوہ جمیعت علمائے اسلام اور پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے مسودوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں مسودوں کے اختلافی پوائنٹس پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ کل اپنی رپورٹ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی میں پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس پی پی پی رہنما خورشید شاہ کی زیر صدارت پیر کو سہ پہر ساڑھے تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودوں پر ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔