ایس سی او کانفرنس کی میزبان صرف حکومت نہیں بلکہ ہر پاکستانی ہے، ناصر حسین شاہ

ویب ڈیسک  اتوار 13 اکتوبر 2024
ناصر حسین شاہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی—فوٹو: فائل

ناصر حسین شاہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی—فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہی کانفرنس کو ملک اور قوم کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اجلاس کی میزبان صرف حکمران جماعت نہیں بلکہ ہر پاکستانی ہے اور ہمیں مہذب قوم جیسا برتاؤ کرنا چاہیے۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے شنگھائی تعاون تنظیم  کانفرنس کے موقع پر سیاسی جماعتوں کے لیے پیغام میں کہا کہ ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی ملک اور قوم کے لیے اعزاز ہے، سربراہی اجلاس کے موقع پر ہمیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی وقار کا سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں اہم ممالک کی قیادت شامل ہوگی، ہمیں مہذب قوم جیسا برتاؤ کرنا چاہیے، کانفرنس کے موقع پر سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیمیں جلسے جلوس کرنے سے اجتناب کریں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملکی وقار اور ترقی کی خاطر اپنا سیاسی احتجاج کانفرنس کے بعد تک مؤخر کرے، ملکی وقار کی خاطر کچھ دن کےلیے خاموش بیٹھنے سے ان کی سیاست ختم نہیں ہوجائے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایس سی او کانفرنس کی میزبان صرف حکمراں جماعت نہیں، ہر پاکستانی ہے، ہمیں ایک متحد اور باوقار قوم کے طور پر اپنے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔