آئینی ترمیم؛ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کے درمیان کل ملاقات متوقع

ویب ڈیسک  منگل 15 اکتوبر 2024
فوٹو؛ فائل

فوٹو؛ فائل

 لاہور: جمیعت علمائےاسلام ( ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن )کے صدر نواز شریف کے درمیان آئینی ترمیم کے معاملے پر کل ملاقات متوقع  ہے۔ 

پارٹی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کے درمیان ملاقات صدر ن لیگ کی رہائش گاہ پر ہوگی اور ملاقات میں مجوزہ آئینی ترمیم پر حتمی مشاورت کی جائے گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آئینی ترمیم کے حوالے سے میاں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی پہلے بھی ایک ملاقات ہو چکی ہے۔

دریں اثنا ترجمان جے یو آئی پنجاب نے کہا ہے کہ  جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کل دو روزہ دورے پر کراچی سے لاہور پہنچیں گے اورکل شام مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف سے ملاقات کریں گے۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں چھبیسویں آئینی ترمیم کی منظوری پر حتمی مشاورت ہوگی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور زیر بحث آئیں گے۔

ملاقات میں جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری، صوبائی امیر مولانا محمود میاں ودیگر بھی شریک ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔