اسرائیل کا ایران پر انتقامی حملے کا انتہائی حساس منصوبہ لیک ہوگیا

ویب ڈیسک  اتوار 20 اکتوبر 2024
ٹاپ سکریٹ دستاویز کو فائیو آئیز ممالک ( امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کینیڈا) دیکھ سکتے تھے

ٹاپ سکریٹ دستاویز کو فائیو آئیز ممالک ( امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کینیڈا) دیکھ سکتے تھے

 واشنگٹن: اسرائیل نے ایران پر جوابی حملے کا منصوبہ تیار کرلیا جس سے متعلق انتہائی خفیہ اور حساس معلومات لیک ہوگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لیک دستاویز پر ٹاپ سکریٹ لکھا ہوا ہے اور تاریخ 15 اور 16 اکتوبر کی درج ہے جسے صرف 5 ممالک ( امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کینیڈا) کے اتحاد ’’ فائیو آئیز‘‘ دیکھ سکتے ہیں۔

اتنی اہم اور حساس دستاویز کے لیک ہونے پر امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ اس معاملے سے جڑے 3 افراد نے تصدیق کی ہے اس تشویشناک غیر ذمہ داری کی تحقیقات شروع کردیں۔

لیک ہونے والے دستاویز کو قومی جغرافیائی انٹیلی جنس ایجنسی نے مرتب کیا تھا اور اس میں منصوبے پر عمل درآمد کے لیے اسرائیلی ہتھیاروں کی نقل و حمل اور فضائیہ مشقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہوا جب اس قسم کی حساس دستاویز لیک ہوئی ہو اس سے قبل روس یوکرین جنگ سے متعلق بھی ایک دستاویز لیک ہوگئی تھی۔

یاد رہے کہ ایران نے یکم اکتوبر کو 200 سے زائد بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس کا جواب دینے کے لیے صیہونی ریاست نے حملے کے لیے یہ منصوبہ بندی تیار کی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔