پارلیمانی کمیٹی نے اسٹیل ملز بحالی پلان بنانے کا حکم دیدیا

کمیٹی نے سیکریٹری صنعت وحکام کومنصوبہ قابل عمل ہونے کاجائزہ لینے کی ہدایت کردی


حسیب حنیف November 24, 2017
ضیغم رضوی نے نئی ٹیکنالوجی پرمبنی 25 ارب کا ’کونارک‘ پلانٹ لگانے کی تجویزدی۔ فوٹو؛ فائل

NEW YORK CITY: وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل کی بحالی کیلیے پرائیویٹ سیکٹر کی تجویز پر نیا پلان بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلیے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے وزارت صنعت و پیداوار کو نیا بحالی پلان بنانے کی ہدایت بھی کر دی ہے.

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں پرائیویٹ سیکٹر میں اسٹیل مل لگانے والے پروجیکٹ ڈائریکٹرضیغم عادل رضوی نے کہاکہ پاکستان اسٹیل کی بحالی کے ساتھ پیداوار میںبھی اضافہ کیا جا سکتا ہے تاہم اس کیلیے جدید طرز کا کونارک پلانٹ لگایا کیا جائے، انہوں نے بتایا کہ یہ دنیا میں نئی ٹیکنالوجی ہے جس سے اسٹیل ملز کی سالانہ پیداواری استعدادکار 1.1 ملین ٹن سے بڑھ کر 2.2 ملین ٹن ہو جائیگی اور مل خسارے سے نکل کر منافع میں چلی جائیگی جب کہ روز گار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے،

دوسری جانب اسٹیل مل میں یہ پلانٹ لگانے کیلیے جگہ بھی موجود ہے جس پر قائمہ کمیٹی کے چیئرمین اسد عمر نے سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار اور اسٹیل مل حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ ٹیکنالوجی کے تحت اسٹیل ملز کی بحالی کا نیا پلان بنا کر کمیٹی میں پیش کیا جائے کہ کیا یہ منصوبہ قابل عمل ہے۔

واضح رہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے حکومت کو اسٹیل ملز کی بحالی کیلیے کونارک (CONARC) پلانٹ لگانے کی تجویز دی گئی ہے جس پر 25ارب روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں