درآمدی کوئلے کے پاور پلانٹ پر کام شروع کرنے کا فیصلہ

منصوبہ گوادر میں شروع، 60 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی، 300میگاواٹ بجلی حاصل کی جائے گی


حسیب حنیف November 27, 2017
فزیبلٹی اسٹڈی کیلیے آج سی ڈی ڈبلیو پی سے نظوری لی جائے گی،مقامی ضرورت پوری ہوگی۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت گوادر میں 60 کروڑ ڈالر لاگت کے 300 میگاواٹ کول پاور پلانٹ کی فزیبلٹی اسٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے آج سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) سے منظوری لی جائے گی۔

ایکسپریس کو موصول دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت گوادر میں توانائی منصوبے کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گوادر میں توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے سی پیک میں 300 میگاواٹ کا امپورٹڈ کول پر مبنی منصوبہ شروع کیا جائے گا جس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 60کروڑ ڈالر ہے اس منصوبے پر چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی ( سی سی سی سی) عملد ر آمد کرائے گی جبکہ گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اس منصوبے کی سپر وائزنگ ایجنسی ہو گی۔

گوادر سی پیک کے تحت صنعتی زون کے ساتھ گوادر شہر کے مکینوں کی توانائی ضرور یات کو پورا کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے اس کول پاور پلانٹ پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے گوادر میں 300میگاواٹ پاور پلانٹ کی فزیبلٹی اسٹڈی، انوائرمنٹل اسیسمنٹ اور پی سی و ن بنایا جائے گا۔

اس منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی، انوائرمنٹل اسیسمنٹ اور پی سی ون پر 20کروڑ 97لاکھ روپے لاگت آئے گی جس کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے آج سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں اس منصوبے کی منظوری متوقع ہے۔

یاد رہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہد اری منصوبے (سی پیک) میں گوادر کے منصوبے اہمیت کے حامل ہیں جہاں پر وفاقی حکومت کی جانب سے سی پیک کے تحت ہی 300میگاواٹ کا امپورٹڈ کول پر پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر اب وفاقی حکومت کی جانب سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں