بادامی باغ واقعہ پر مسیحیوں کا احتجاج مختلف تنظیموں کی مذمت

ن لیگ لیڈیز ونگ کی ریلی، منافرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، جوزف اقبال


Nama Nigaran March 12, 2013
بادامی باغ لاہور میں مسیحی برادری کی بستیاں جلانا، گھرون کو اجاڑنا یہ اسلامی تعلیمات نہیں بلکہ مذہب اسلام کو پوری دنیا میں بدنام کرنے کی منظم سازش ہے۔ فوٹو: فائل

سانحہ بادامی باغ لاہور کے خلاف مسیحی برادری کا احتجاجی مظاہرہ،مختلف مذہبی تنظیموں کے رہنماوں کی واقعے کی مذمت ،ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ،سانگھڑ میں سانحہ بادامی لاہور کے خلاف مسیحی برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جوزف اقبال، عابدہ مسیح، نذیر مسیح، سلمیٰ قریشی، جاوید پرنس، جیمس فادر، لیاقت مسیح و دیگر نے کہاکہ اس واقعے میں سیکڑوں گھروں کو جلا دیا گیا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ منافرت پھیلانے والوں کو سزا دی جائے، دہشت گردی بند کی جائے اور مسیحی برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

نواب شاہ میں مسیحی برادری اور مسلم لیگ ن لیڈیز ونگ کی جانب سے احتجاجی ریلی سے پاسٹر سیموئیل، پاسٹر یوسف، فادر اسلم فاروق اور مسلم لیگ ن لیڈیز ونگ کی ضلعی رہنما نغمہ مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقلیتی برادری کو تحفظ دینا حکومت پاکستان کا فرض ہے۔



جماعت اصلاح المسلمین ضلع ٹنڈو الٰہیار کے صدر سید مرسل شاہ و دیگر ضلعی رہنمائوں پروفیسر انیس المصطفیٰ طاہری، طالب حسین احراری، کامران طاہری اور دیگر نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہاکہ کسی ایک شخص کے گناہ کی سزا دیگر بے گناہوں کو دینا قابل مذمت عمل ہے اور اسلام تمام مذاہب کی سلامتی اور تحفظ کا درس دیتا ہے۔

بادامی باغ لاہور میں مسیحی برادری کی بستیاں جلانا، گھرون کو اجاڑنا یہ اسلامی تعلیمات نہیں بلکہ مذہب اسلام کو پوری دنیا میں بدنام کرنے کی منظم سازش ہے۔ سنی تحریک تعلقہ تلہار کے رہنا حافظ عبدالقدوس نے کہاکہ سانحہ بادامی باغ پنجاب حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہوا اگر کوئی شخص توہین رسالت کرتا ہے تو اس گستاخ رسول کو سزا دینا حکومت کا فرض ہے۔

سنی تحریک مسیحی برادری کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس واقع میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے اور متاثرین مسیحی برادری کے گھروں کو فوری تعمیر کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں