قبل از وقت انتخابات پر حکمراں جماعت مشروط طور پر آمادہ

پی پی پی سینیٹ میں حلقہ بندیوں کا بل منظور کرانے میں ساتھ دے، ن لیگ۔


عامر خان December 10, 2017
پی پی سینیٹ میں حلقہ بندیوں کا بل منظور کرانے میں ساتھ دے، ن لیگ۔ فوٹو:فائل

پیپلز پارٹی ن لیگ کو پس پردہ اہم سیاسی پیغام دے چکی ہے کہ حکمراں جماعت ملک میں جمہوریت کے تسلسل کیلیے تمام صوبوں میں اپنی حکومتوں کو تحلیل کردے اور عبوری حکومتوں کے قیام کیلیے بات چیت کا آغاز کرے۔

حالیہ دنوں میں پیپلز پارٹی اور حکمراں لیگ میں پس پردہ سیاسی رابطے تیزی سے جاری ہیں۔ پیپلز پارٹی کی ان رابطوں میں کوشش ہے کہ ن لیگ کو مذاکرات کے ذریعے قبل ازقت عام انتخابات پر قائل کرلیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ن لیگ کو پس پردہ اہم سیاسی پیغام دے چکی ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت کے تسلسل کیلیے وفاق، پنجاب اور بلوچستان میں اپنی حکومتوں کو تحلیل کردے اور عبوری حکومتوں کے قیام کیلیے بات چیت کا آغاز کرے۔ اگر ن لیگ اس معاملے پر مذاکرات کیلیے تیار ہے تو پیپلز پارٹی اس کے خلاف کسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے پیپلز پارٹی کو پس پردہ پیغام دیاہے کہ پی پی سینیٹ میں حلقہ بندیوں کا بل منظور کرانے میں اس کا ساتھ دے، جس کے بعد قبل ازوقت انتخابات کرانے کے معاملے پر لیگی قیادت مذاکرات پر غور کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک نے ن لیگ کے خلاف ''اپوزیشن کے مشترکہ اتحاد'' کی تشکیل کو حتمی شکل دے دی ہے جب کہ اپوزیشن کے اتحاد کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔