سندھ میں درجنوں ترقیاتی منصوبے ختم کرنے کا فیصلہ

کئی محکموں نے ترقیاتی فنڈ سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، 9سالہ پی پی دور میں 400 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ لیپس ہو چکا۔


عبدالرزاق ابڑو December 12, 2017
31 دسمبرکے بعد ایسے تمام ترقیاتی منصوبے منسوخ کر دیے جائیں گے ،محکمہ خزانہ نے وزارت ترقی ومنصوبہ بندی کو خط۔ فوٹو: ایکسپریس

حکومت سندھ نے وہ تمام ترقیاتی منصوبے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن پر سال کے آخر تک ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا، دسمبر کے اختتام پر ایسے تمام منصوبوں پر عمل درآمد روک دیا جائے گا اور ان کے لیے مزید فنڈز جاری نہیں کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی ہدایت پر محکمہ خزانہ سندھ نے محکمہ ترقی ومنصوبہ بندی کو ایک خط لکھ کر واضح کیاہے کہ31 دسمبرکے بعد ایسے تمام ترقیاتی منصوبے منسوخ کردیے جائیں گے اور ان کیلیے رواں مالی سال کے دوران مزید فنڈ جاری نہیں کیا جائے گا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کئی محکموں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لیے جاری کیے گئے فنڈ سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔ ان محکموں کی جانب سے ترقیاتی فنڈ کا استعمال زیرو ہے، خط میں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے اجلاس کا بھی حوالہ دیا گیاہے جس میں وزیراعلیٰ نے ترقیاتی بجٹ کے عدم استعمال پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا، اس اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ ایسے تمام ترقیاتی منصوبوں کو منسوخ کردیا جائے جن پر رواں سال کے آخر تک کوئی کام نہیں کیا جاسکا۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ نے رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے لیے244 ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ رواں مالی سال کے دوران کل ترقیاتی بجٹ 344 ارب روپے ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے26 ارب روپے رکھے گئے جبکہ تقریباً 6 ماہ کے عرصے میں مذکورہ محکمہ مشکل سے ساڑھے7 ارب روپے خرچ کرسکا ہے۔

اسی طرح محکمہ تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے21 ارب روپے مختص کیے گئے لیکن تاحال محکمہ 2 ارب روپے سے زائد استعمال نہیں کرسکا، محکمہ بلدیات کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے28 ارب روپے رکھے گئے لیکن یہ محکمہ بھی کئی ترقیاتی منصوبوں پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کرسکا، مجموعی طور پر رواں مالی سال کے ابتدائی6 ماہ کے دوران محکمہ بلدیات صرف 3 ارب روپے استعمال کرسکا۔

یاد رہے کہ ترقیاتی فنڈ کے عدم استعمال کا معاملہ بڑے عرصے سے حکومت سندھ کے لیے چیلنج رہا ہے، ہر مالی سال کے دوران اربوں روپے کا ترقیاتی بجٹ عدم استعمال کے باعث لیپس ہوجاتا ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اس معاملے کو بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن افسرشاہی کی روش کو ٹھیک نہ کرسکے، پیپلزپارٹی کے9 سالہ دور میں تقریباً 400 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ عدم استعمال کے باعث لیپس ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں