والد کی شہرت کو سیڑھی نہیں بنایا اچھا اسکرپٹ ملا تو فلم کروں گی مومل شیخ

جاوید شیخ کی بیٹی ہونے کی وجہ سے ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا پڑتاہے، اداکارہ


Qaiser Iftikhar December 18, 2017
سفارش سے چانس تو مل سکتا ہے مگر کامیابی کیلیے محنت کرنا پڑتی ہے، مومل شیخ۔ فوٹو؛ فائل

NEW YORK: اداکارہ مومل شیخ نے کہا ہے کہ والد کی شہرت کو کامیابی کی سیڑھی نہیں بنایا، اپنی صلاحیتوں کے بھروسے پر کیرئیر کی منازل طے کیں تاہم ٹی وی کے ساتھ اگر کسی اچھے اسکرپٹ کی آفر ہوئی تو فلم کروں گی۔

مومل شیخ کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ فنکار اپنے کردار اور پروجیکٹ کی نوعیت کو دیکھنے کے بعد کوئی فیصلہ کرتا ہے۔ میرے نزدیک معیار ہی اولین ترجیح ہے، بالی ووڈ بلاشبہ ایک بڑی فلم انڈسٹری ہے جہاں کے فلم میکر پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں کی صلاحیتوں کے معترف ہیں مگر چند انتہا پسند عناصر کو انکی شہرت اور کامیابیاں ہضم نہیں ہوتیں۔ اسی لیے موقع ملتے ہی ان کے خلاف زہر اگلنا شروع کردیتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کسی کی سفارش سے آپ کو چانس تو مل سکتا ہے مگر کامیابی نہیں۔ اس کے لیے آپ کو محنت کرنا ہوتی ہے۔ میرے والد جاوید شیخ شوبزانڈسٹری کی ایک معروف شخصیت ہیں ان کی صاحبزادی ہونے کے باعث کافی سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا پڑتا ہے۔ ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے کافی نروس ہوتی ہوں مگر سیٹ پر ان کا رویہ ایک پروفیشنل اداکار کی طرح ہی ہوتا ہے۔

مومل شیخ نے کہا کہ بالی ووڈ کی طرح ہمارے ہاں بھی بہترین کام ہورہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہمارے والد نے ہم بہن بھائیوں کے درمیان کبھی فرق نہیں رکھا البتہ اچھے اور برے کی تمیز کے بارے میں ضرور بتایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں