پاکستان کینیڈا کے ترجیحی ٹیرف میں مزید وسعت کا خواہاں

کینیڈا کی منڈیوں تک آسان رسائی کیلیے ایشیا میں ترجیحی لسٹ پر نظر ثانی کی اپیل کردی۔


علیم ملک December 19, 2017
دونوں کے تجارت وسرمایہ کاری کے مشترکہ گروپ کااگلا اجلاس کینیڈا میں ہونے کا امکان۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے کینیڈا کی جانب سے فراہم کردہ جنرل پریفرنشل ٹیرف کے نظام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ایشیا میں ترجیحی منڈیوں کی لسٹ پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی ہے۔

پاکستان نے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ کینیڈا کی جانب سے ایشیائی منڈیوں پر نظرثانی کرنے کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی ہے کہ تاکہ پاکستان کو کینیڈٰا کیلیے ایشیا کی ترجیحی منڈیوں کی لسٹ میں شامل کیا جا سکے اور پاکستانی مصنوعات کینیڈا کی منڈیوں تک باآسانی پہنچ سکیں۔ موصولہ دستاویز کے مطابق پاکستان کینیڈا کی جنرل پریفرنشل ٹیرف کے نظام سے فائدہ اٹھارہا ہے۔ اس نظام کے تحت ترقی پذیر ملکوں میں صنعتی ترقی کے فروغ کیلیے ٹیرف لائنز پر اسی فیصد سے زائد تک ترجیحی نرخ یا ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہے۔

پریپ مونٹریال نے بھی کینڈا کی حکومت کو یہ تجویز دی ہے کہ وہ کینیڈا پاکستان کے تجارت اور سرمایہ کاری کے مشترکہ ورکنگ گروپ کو بحال کرے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مشترکہ گروپ کا اگلا اجلاس کینیڈا میں ہونے کا امکان ہے اور یہ اجلاس نائب وزیر یا ڈائریکٹر جنرل کی سطح پر ہوگا۔ دستاویز کے مطابق گلوبل افئیرز کینیڈا اس سلسلے میں ضروری امور کو جلد حتمی شکل دیگا۔

پاکستان نے گلوبل افیئرز کینیڈا سے درخواست کی ہے کہ وہ اسلام آباد لاہور اور کراچی کیلیے اپنے ٹریول ایڈوائزری پر بھی نظرثانی کرے۔ کینیڈا کی جنرل پریفرنشل ٹیرف چین بھارت جنوبی کوریا اور دیگر ترقی پذیر ملکوں میں پیدا ہونے والی کئی مصنوعات پر ڈیوٹی کے ترجیحی ریٹ فراہم کرتا ہے۔ ان ملکوں میں اقتصادی ترقی کے فروغ کیلیے ٹیرف میں یہ رعایتیں 1974 میں متعارف کروائی گئیں تھی، جنرل پریفرنشل ٹیرف کے نظام کو لانے کا مقصد ترقی پذیر ملکوں کی درآمدات کی حوصلہ افزائی کرنے اور ان کی برآمدات کے فروغ کیلیے قائم کیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی آمدن کو بڑھا کر اقتصادی ترقی کو فروغ دے سکیں۔ کینیڈا انچاس ترقی پذیر ملکوںسے درآمدات پر ڈیوٹی فری رسائی فراہم کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں