پاکستان انڈر 19 کا آسٹریلیا کو 6 وکٹ سے شکست دیکر ٹور کا فاتحانہ آغاز

گرین شرٹس نے ہدف 44.2 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا


Sports Reporter December 27, 2017
گرین شرٹس نے ہدف 44.2 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR: پاکستان انڈر 19 نے آسٹریلیا کو 6 وکٹ سے شکست دیتے ہوئے ٹور کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔

میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں قومی جونیئر ٹیم کے کپتان حسان خان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلوی ٹیم نے 9 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد میکنزی ہاروی کی سنچری کی بدولت 45.1 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے، میکنزی 136 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، ایرون ہارڈی (46) اور ہاریسن ووڈ کے (21 ) کے علاوہ کوئی بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکا۔

پاکستان کی جانب سے محمد موسیٰ نے 33 رنز کے عوض 4شکار کیے، ارشد اقبال نے 53 رنز دیکر 3، سلمان شفقات نے 34 رنز دیکر 2 جب کہ علی زریاب آصف نے 26 رنز دیکر سنچری بنانے والے میکنزی کی وکٹ حاصل کی۔ گرین شرٹس نے علی زریاب آصف اور سعد خان کی ناقابل شکست ففٹی کی بدولت ہدف 44.2 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

علی زریاب 92 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 جب کہ سعد خان نے 62 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 53 رنز پر ناقابل شکست رہے، اوپنرز محمد زید عالم اور عمران شاہ نے 35,35 رنز اسکور کیے، وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، محمد طحہ 6 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ لارنس نیل اسمتھ، ہاریسن میکون اور مارک ہارڈی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، ایک بیٹسمین رن آﺅٹ ہوا۔ میکنزی ہاروی مین آف دی میچ قرار پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔