پولٹری سیکٹر کو مراعاتی پیکیج کی فراہمی کیلیے کام شروع

سفارشات تیارکرکے وزیراعظم کوپیش کی جائیںگی، حکومت خلیجی مارکیٹ میں مواقع سے فائدہ اٹھاناچاہتی ہے،ذرائع


علیم ملک January 07, 2018
پاکستانی پولٹری ایسوسی ایشن کے وفدکی وزارت تجارت کے حکام سے ملاقات، برآمدی ترغیبات کی تجاویزدے دیں۔ فوٹو:فائل

پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے وزارت تجارت کے حکام سے ملاقات اور برآمدات کے لیے درکار مراعات کے لیے اپنے مطالبات پیش کیے اور اپنی سفارشات وزارت تجارت وٹیکسٹائل کو فراہم کردی ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے مختلف ملکوں سے پولٹری کی مصنوعات پر پابندی عائد کرنے کے بعد حکومت نے خلیجی مارکیٹ میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے تاکہ پولٹری مصنوعات کے لیے یو اے ای کی مارکیٹ تک رسائی حاصل کی جائے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس سلسلے میں وزارت تجارت کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ تمام شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات کرکے اپنی سفارشات پیش کریں تاکہ اس سلسلے میں پیش رفت کی جا سکے۔

ذرائع نے بتایاکہ اس پس منظر میں پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے وزارت تجارت کے حکام سے ملاقات اور برآمدات کے لیے درکار مراعات کے لیے اپنے مطالبات پیش کیے اور اپنی سفارشات وزارت تجارت وٹیکسٹائل کو فراہم کردی ہیں۔

پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے وزارت تجارت کے حکام سے ملاقات کی اور انھیں ملک میں پولٹری کے شعبے میں موجود پوٹینشل سے آگاہ کیا، وزارت تجارت سے مذاکرات میں پولٹری ایسوسی ایشن نے ٹیکسٹائل سیکٹر کی طرح مراعاتی پیکیج کا مطالبہ کیا تاکہ شعبے میں موجود پوٹینشل سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔

پولٹری ایسوسی ایشن نے مذاکرات میں کہا کہ پولٹری کا شعبہ جو فیڈ باہر سے منگواتا ہے اس پر حکومت نے کافی ڈیوٹیز لگا رکھی ہیں اگر ان ڈیوٹیز میں رعایت دی جائے تو پولٹری سیکٹر عالمی منڈی میں بہتر مسابقت کر سکتا ہے، پولٹری ایسوسی ایشن نے ڈیوٹیز ری فنڈ اور مراعات دینے کی تجاویز پیش کیں تاکہ پولٹری کی برآمدات بڑھائی جاسکیں۔

پولٹری ایسوسی ایشن نے وزارت تجارت کے حکام کو یقین دہانی کرائی کہ اگر حکومتی سطح پرسہولتیں دی جائیں تو متحدہ عرب امارات کے ساتھ سعودی عرب کو بھی گوشت انڈے برآمدکر کے زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، پولٹری کی ایکسپورٹ سے 30 ملین ڈالر تک کمائے جاسکتے ہیں جس میں وقت کے ساتھ اضافہ ہو گا، ملک میں اس وقت 70 سے 80 ہزار پولٹری فارمز ہیں جن پر توجہ دے کر پولٹری برآمدات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

وزارت تجارت پولٹری ایسوسی ایشن کی تجاویز پر سفارشات مرتب کرکے رپورٹ جلد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھجوائے گی اور وزیر اعظم ہی کسی پیکیج کی منظوری دیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں