نگراں وزیر اعظم پر دوسرے روز بھی اتفاق نہ ہو سکا معاملہ آج الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائیگا

وزیراعظم راجا پرویزاشرف،الیکشن کمیشن جانے کی نوبت نہیں آئے گی،خورشیدشاہ،کوئی نام شارٹ لسٹ نہیں کیا،سعدرفیق


فوٹو: فائل

LONDON: نگراں وزیراعظم کے تقررپراتفاق رائے کے لیے پارلیمانی کمیٹی جمعرات کو دوسرے روز بھی کوئی فیصلہ نہ کرسکی۔

8رکنی کمیٹی کا اجلاس آج جمعے کو صبح ساڑھے10بجے پھر ہوگا، رات 12 بجے تک کمیٹی میں کسی امیدوار پر اتفاق نہ ہوا تو معاملہ الیکشن کمیشن چلاجائے گا جو 2روز میں فیصلہ کرے گا۔ تاہم کمیٹی کے حکومتی رکن سید خورشیدشاہ نے کہاہے کہ معاملہ الیکشن کمیشن میں جانے کی نوبت نہیں آئے گی جبکہ اپوزیشن رکن سینیٹر پرویزرشید کا کہنا ہے کہ فیصلے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

اجلاس گزشتہ روز اپوزیشن رکن سرداریعقوب خان ناصر کی صدارت میں ہوا۔ حکومتی ارکان میں چوہدری شجاعت، سید خورشیدشاہ، فاروق نائیک غلام بلور، اپوزیشن ارکان میں خواجہ سعدرفیق، سینیٹر پرویزرشید اورسردارمہتاب عباسی شامل تھے۔ اجلاس میں نگراں وزیر اعظم کیلیے چاروں امیدواروں جسٹس(ر) ناصراسلم زاہد، رسول بخش پلیجو،جسٹس(ر) میرہزار خان کھوسو اور ڈاکٹرعشرت حسین کی شخصیات کے تمام پہلوؤں کاجائزہ مکمل کرلیا گیا۔ اپوزیشن نے حکومتی ناموں اور حکومتی ارکان نے اپوزیشن کے نامزد امیدواروں پر سوالات اٹھا ئے۔

ثنانیوز کے مطابق کمیٹی میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان اپنے اپنے موقف پر قائم رہے اورمعاملات پوائنٹ آف نوریٹرن پر پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سید خورشیدشاہ نے کہاکہ توقع ہے آج کوئی نہ کوئی امیدوار کمیٹی کی شرائط پر پورا اتر جائے گا، پہلے کی طرح سرپرائز دیں گے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ نواز شریف اورچوہدری نثار کی باتوں کو لے کر بیٹھ جاتے توکمیٹی کا اجلاس بھی نہ ہوتا۔ چوہدری شجاعت نے کہاکہ فیصلہ پارلیمانی کمیٹی میں ہی ہونا چاہیے، نگراں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے (ن)لیگ کی نیت ٹھیک نہیں ہے۔



فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ نگراں وزیراعظم کے لیے زیرغور 4نام اب کسی سیاسی جماعت کے نہیںرہے۔ یہ سوچے بغیرکہ نام کس جماعت نے دیا، ہمیں سب سے اچھا نام منتخب کرلینا چاہیے۔ غلام احمدبلور نے کہاکہ نوازشریف کی جانب سے نگراں وزیراعظم کا معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جانے کے حوالے سے بیان افسوس ناک اور پارلیمانی کمیٹی پرعدم اعتماد کا اظہارہے۔ 100فیصد یقین ہے، اتفاق رائے ہوجائے گا، نہ ہوسکا تو مسئلہ کشمیرکیسے حل کریں گے۔ سینیٹر پرویزرشید نے کہاکہ نگراں وزیراعظم کے فیصلے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

مخصوص ٹولہ سیاست دانوں کی ناکامی کا پروپیگنڈاکررہاہے۔ خواجہ سعدرفیق نے کہاکہ نگراں وزیراعظم کیلیے کسی نئے نام کی گنجائش نہیں، ابھی کسی کوشارٹ لسٹ نہیں کیاگیا۔ سردار یعقوب خان ناصر نے کہاکہ (ن)لیگ نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر لچک کامظاہرہ کررہی ہے۔ معاملہ الیکشن کمیشن چلاگیا تو وہ بھی پارلیمنٹ نے بنایاہے۔ آج اجلاس کے 2سیشن ہوں گے۔ پہلا سیشن ساڑھے10بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرا نمازجمعہ کے بعد ہوگا۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق نگراں وزیراعظم کے تقرر کیلیے پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی ارکان سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہاکہ تمام عمل جمہوری انداز میں خوش اسلوبی سے مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے حکومتی ارکان کمیٹی کو سیاسی معاملات سیاسی فورمز پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ پارلیمانی کمیٹی میںشامل (ن)لیگ کے چاروں ارکان نے بھی (ن)لیگ کے قائد نوازشریف سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو بتایاگیا کہ ابھی تک کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ نوازشریف نے (ن)لیگ کمیٹی ارکان کی کاوشوں کوسراہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں