سی پیک کے ساتھ ہیلتھ کوریڈور قائم کرنے کی تجویز

چینی حکومت نے2030کے منصوبے میں صحت کے شعبے کوسرفہرست اسٹرٹیجک ترجیحات میں شامل کیا ہے، فائز عامر


نوید معراج January 16, 2018
چینی حکومت نے2030کے منصوبے میں صحت کے شعبے کوسرفہرست اسٹرٹیجک ترجیحات میں شامل کیا ہے، فائز عامر۔ فوٹو: فائل

عوام کے فائدے کیلیے سی پیک کے ساتھ چین پاکستان طبی راہداری (ہیلتھ کوریڈور) قائم کرنے کی تجویز۔

ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایئر وائس مارشل (ر) فائز عامر نے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ تحفظ صحت اورلائف سائنسز کے شعبوں میں بے پناہ مواقع اور روابط کوفروغ دے گا۔

ایئر وائس مارشل (ر) فائز عامر فضائیہ میڈیکل کالج، ایئریونیورسٹی کے زیراہتمام 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس 2018۔LIFECON کی افتتاحی نشست سے خطاب کر رہے تھے جس میں سرجن جنرل آف پاکستان لیفٹیننٹ جنرل زاہد حمید نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سابق وفاقی وزیر اور غیرمتعدی امراض کے بارے میں عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ سطح کے کمیشن کی معاون سربراہ ڈاکٹرثانیہ نشتر، پروفیسرڈاکٹرایئرونگ کیاں کی سربراہی میں چینی وفداورچین اورپاکستان کے دیگر طبی ماہرین بھی موجود تھے۔

وائس چانسلر نے دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے کیلیے سی پیک کے ساتھ چین پاکستان طبی راہداری (ہیلتھ کوریڈور) قائم کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ مجوزہ راہداری مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کومضبوط بنانے کیلیے ایک موثرپلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ اس ضمن میں انھوں نے ایسے مختلف مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر زور دیا جن کامحور ہیلتھ کیئر مارکیٹ ہو۔

ایئر وائس مارشل (ر) فائز عامر نے کہاکہ صحت سے متعلقہ مسائل کے حل کیلیے بائیوانجنیئرنگ، انفارمیشن سروسز، ڈیٹااینالیٹکس اورسسٹم انجینئرنگ سے استفاد کرنے کی ضرورت ہے۔ چین دنیا میں سب سے بڑے موبائل ہیلتھ کیئرایپ آپریٹرزکاحامل ملک ہے اور چینی حکومت نے2030کے منصوبے میں صحت کے شعبے کوسرفہرست اسٹرٹیجک ترجیحات میں شامل کیاہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاکہ آج کے صحت کے مسائل پرتحقیق اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے قابوپایاجاسکتاہے، ہمیں صحت کے عالمگیر نظام پرتوجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جس کی کامیاب مثال چین میں موجود ہے۔

مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل زاہد حمید کانفرنس کے منتظمین کیکاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے مقررین، وائس چانسلرایئروائس مارشل (ر) فائز عامر، پرنسپل فضائیہ میڈیکل کالج میجرجنرل (ر) پروفیسر سلمان علی، ڈاکثرثانیہ نشتر، پروفیسر ڈاکٹر رضوان ہاشمی اور کو چیئر ڈاکٹر رخسانہ خان کو سووینئرزبھی دیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں